کابل ایئر پورٹ کے علاقے میں دھماکے سے متعلق امریکی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ امریکا نے کابل میں فضائی حملہ کیا ہے۔
کابل ڈرون حملے پر امریکی سینٹرل کمانڈ نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ امریکی حملے میں داعش خراسان کے مشتبہ جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گیا ہے، امریکی فوج نے اپنے دفاع میں کابل فضائی حملےمیں گاڑی کو نشانہ بنایا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ کابل ایئرپورٹ پر داعش خراسان کی جانب سے حملے کا خطرہ تھا، ہمیں یقین ہے کہ ہم نے کامیابی سے ہدف کو نشانہ بنایا ہے۔
سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ فضائی حملے کے بعد مزید دھماکےگاڑی میں بارودی مواد کی نشاندہی کرتے ہیں، فضائی حملے میں ممکنہ طور پر شہریوں کی ہلاکت کا تعین کر رہے ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا کہ فی الحال ہمیں فضائی حملے میں کسی شہری کی ہلاکت کا علم نہیں، جبکہ امریکا مستقبل کے ممکنہ حملوں کے لیے بھی چوکنا رہے گا۔
دوسری جانب طالبان ترجمان کا کہنا ہے کہ اس حملے میں خودکش بمبار کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، خودکش بمبار کابل ایئرپورٹ کو نشانہ بنانا چاہتا تھا۔
افغان پولیس چیف کے مطابق راکٹ حملے میں ایک بچہ جاں بحق ہوا ہے۔