• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمیز راجہ کوپی سی بی کا چیئرمین بنانا درست نہیں ہوگا،سرفراز نواز

لندن ( سعید نیازی ) سابق ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نےپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نواز رمیز راجہ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا چیئرمین بنانا کسی طور پر بھی درست نہیں ہوگا۔ رمیز راجہ نے بگ تھری منصوبے میں انڈین کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے پاکستان کو بھارت کا ساتھ دینے کو کہا تھا۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی نظر میں اور کوئی مناسب امیدوار موجود نہیں ہے جس کو چیئرمین کرکٹ بورڈ بنایا جائے۔انہوں نے احسان مانی کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ احسان مانی کو عمران خان کی بات مانتے ہوئے ورلڈ کپ تک اپنے عہدے پر کام کرنا چاہیے تھا۔ سرفراز نواز نے عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے میرے خط پر احسان مانی کو چھ ماہ کی توسیع دی ، سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ رمیز راجہ کی جگہ ماجد خان ، سلیم الطاف، ظہیر عباس ، جواد خان جو کہ عمران خان کے رشتہ دار بھی ہیں، چیئرمین بورڈ کے لئے موزوں امیدوار ہیں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایک طرف بھارت ہمارے فوجی شہید کررہا ہے جب کہ دوسری طرف بھارت نواز شخص کو چیئرمین کرکٹ بورڈبنایا جارہا ہے جس کا آرمی چیف سمیت اعلیٰ حکام کو نوٹس لینا چاہئے۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ محدود اوورز کی مختلف ملکوں میں ہونے والی لیگس جوئے کے گڑھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مختلف بیماریوں کا علاج کرانے کے سبب پاکستان جانے سے قاصر ہیں، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کے دور میں اگر وہ چاہتے تو پی سی بی کے چیئرمین بن سکتے تھے لیکن وہ اس عہدے میں دلچسپی نہیں رکھتے، سرفراز نواز نے ادارہ جاتی کرکٹ کی بحالی کا بھی مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارہ جاتی کرکٹ ختم ہونے سے کھلاڑی معمولی مزدوری کرنے اور بھیک مانگنے پر مجبور ہو گئے ہیں، حالانکہ عمران خان خود بھی اس سے مستفید ہوچکے ہیں، اس موقع پر ان کے قانونی مشیر محسن ملک بھی ان کے ہمراہ تھے۔ 
تازہ ترین