• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیرونی سرگرمیاں اور تازہ خوراک، 110سالہ خاتون کی صحت کا راز

لندن (پی اے) نارتھمپٹن کی 110سالہ خاتون جوئس ووڈنگ نے گھر سے باہر کی سرگرمیوں اورتازہ خوراک کے استعمال کو اپنی طویل اور صحت مند زندگی کا راز قرار دیا ہے۔ خاتون نے 6 ستمبر کو نارتھمپٹن کے کولنگ ٹری پارک کیئر ہوم میں اپنی 110ویں سالگرہ منائی۔ انھوں نے کہا کہ انھیں بعض اوقات احساس ہوتا ہے کہ میں بہت بوڑھی ہوگئی ہوں اور جب آپ کے والدین ختم ہوجائیں آپ کی فیملی کے ارکان ختم ہوجائیں، زیادہ تر دوست چلے جائیں تو حقیقی معنوں میں یہ واضح ہوتا ہے کہ زندگی بہت لمبی ہوگئی ہے۔ 110 سالہ خاتون جوئس ووڈنگ جارج پنجم کی تاج نشینی کے سال یعنی 1911 میں پیدا ہوئی تھیں، وہ برطانیہ کی 10 سب سے زیادہ معمر شخصیات میں شامل ہیں، برطانیہ کے سب سے معمر فرد آکسفورڈ شائر کے 112 سالہ مولی والکر ہیں۔ انھیں ملکہ کی جانب سے اب تک 7 برتھ ڈے کارڈز مل چکے ہیں، ایک کارڈ ان کی 100 ویں سالگرہ پر دوسرا 105 ویں سالگرہ پر ملا تھا، جس کے بعد اب ہر سال ان کو ملکہ کی جانب سے برتھ ڈے کارڈ ملتا ہے۔ ووڈنگ کی ایک بہن اور 2 بھائی تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے حقیقی معنوں میں دیہی زندگی کا لطف اٹھایا ہے۔ وہ نارتھمپٹن شائر کے ایک گائوں اسٹیورٹن میں پلی بڑھیں۔ انھوں نے کہا کہ میرے والدین بہترین والدین تھے، جن کی آپ آرزو کرسکتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ میرے والد کاشتکار تھے اور ہم گھر میں اگائی ہوئی خوراک اپنے پالتو خنزیر اور مرغیوں پر گزارا کرتے تھے، ہمارا ایک بڑا گارڈن بھی تھا۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے کمپیوٹر پر بیٹھ کر وقت نہیں گزارا، بلکہ ہم زیادہ تر وقت گھر کے باہر گزارتے تھے، ہمارے دور میں ٹیک اوے کا دور نہیں تھا، ہم بہترین غذا استعمال کر کے بڑے ہوئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ جنگ عظیم اول کے وقت وہ بہت چھوٹی تھیں لیکن دوسری جنگ عظیم کی باتیں انھیں یاد ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم اسٹریٹ وارڈن کے فرائض انجام دیتے تھے اور ٹین کے ڈبوں میں بم تلاش کیا کرتے تھے اور یہ دیکھنے کیلئے کہیں کوئی بم تو نہیں سڑکوں پر گھوما کرتے تھے۔ ہمیں آسمان پر طیاروں کی گھن گرج سنائی دیتی تھی، ان کی شادی 1946میں ناتھمپٹن کے ایک صنعتکار سے ہوئی تھی، شادی کے بعد وہ اپنے شوہر کی وفات تک ان کے ساتھ 1983 تک ووٹن میں رہیں۔ انھوں نے کہا کہ آج 110 سال کی عمر کوپہنچنے کے بعد میں اپنی آزادی سے محروم ہوگئی ہوں، جب آپ برسہابرس آزاد رہے ہوں اور پھر ہر چیز کیلئے دوسروں کے محتاج ہوجائیں، آپ کے پاس وقت بہت ہو اور کرنے کو کچھ نہ ہو جبکہ آپ ہمیشہ مصروف رہتے ہوں تو زندگی کا مزہ جاتا رہتا ہے۔

تازہ ترین