• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ کیلئے تبدیلیاں ناگزیر، قومی ٹی 20 ٹورنامنٹ کے ناکام بیٹرز کو سخت مشکلات کا سامنا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے بڑے اس وقت سر جوڑ کے بیٹھے ہیں اور سنجیدگی سےاس بات پر سوچ وبچار ہورہا ہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی پندرہ رکنی ٹیم میں کیا کیا تبدیلیا ں کی جائیں۔میگا ایونٹ کیلئے قومی ٹیم میں شامل وہ بیٹرز جو نیشنل ٹی 20 ٹورنامنٹ میں اب تک ناکام ثابت ہورہے ہیں، انہیں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دس اکتوبر تک پی سی بی انتظامیہ کپتان بابر اعظم اور چیف سلیکٹر محمد وسیم سے مشورے کے بعد تبدیلیوں کا اعلان کریں گے۔ اس دوران قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دس میچ مکمل ہوجائیں گے۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ اوپنر فخر زمان اور شاہ نواز دھانی کی ٹیم میں شمولیت یقینی ہے جبکہ مزید تبدیلیوں کا فیصلہ بقیہ میچوں میں ٹیم کی کارکردگی دیکھ کر کیا جائے گا۔ پی سی بی حکام میں یہ اتفاق پایا جاتا ہے کہ تبدیلی ناگزیر ہے۔ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں شامل بعض قومی کرکٹرز کی نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں کارکردگی متاثر کن نہ ہونے کی وجہ سے انہیں سخت تنقید کا سامنا ہے، کرکٹ کے حلقوں میں ٹیم میں تبدیلیوں کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے ۔ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں ورلڈ کپ اسکواڈ کے ارکان کی شمولیت کو یقینی بنایا گیا تاکہ میگا ایونٹ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بھرپور تیاری کی جا سکے۔15 رکنی اسکواڈ میں شامل آصف علی، اعظم خان، محمد حسنین ،خوشدل شاہ اور صہیب مقصود کے ناموں پر پہلے ہی بحث جاری تھی اور جب کہ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں یہ کھلاڑی غیر معمولی کارکردگی نہ دکھا سکے تو انہیں مزید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ وکٹ کیپر بیٹسمین اعظم خان وکٹوں کے پیچھے متاثر نہیں کر سکے تو بیٹنگ میں اپنی شہرت کے مطابق لمبی اننگز نہیں کھیل سکے، سدرن پنجاب کی جانب سے 20، 14 اور ایک رنز بنائے ہیں ، آصف علی نے 43 ناٹ آؤٹ اور 10 رنز کی اننگز کھیلی ہیں ، خوشدل شاہ نے 21 ، 24 اور 6 جبکہ صہیب مقصود نے 18، 0 اور 24 رنز کی تین اننگز کھیلی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ اگلے میچوں میں پچ بیٹنگ کے لئے ساز گار ہوگی اس لئے ان کھلاڑیوں کی کارکردگی بہتر ہوسکتی ہے۔ پنڈی کی موجودہ پچ نیوزی لینڈ کی ون ڈے سیریز کو سامنے رکھتے ہوئے اسپن بولنگ کے لئے ساز گار بنائی گئی تھی۔ دوسری جانب قومی ٹی 20 کپ کے راولپنڈی میں کھیلے جارہے میچز کے دوران غیر معیاری پچز پر پی سی بی کے چیئرمین رمیز حسن راجا بھی خوش نہیں ہیں اور اس حوالے سے انہوں نے ذمہ داروں کی سخت بازپرس بھی کی ہے، جس کے بعد 6 اکتوبر سے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے کوالٹی بیٹنگ پچز تیار کرنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔

تازہ ترین