• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میں بُڈھا ہوں: سلمان خان بگ باس کنٹسٹنٹ پر برہم


بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 15 کی کنٹسنٹ افسانہ خان پر غصہ اُتارتے ہوئے میزبان اور بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے خود کو بُڈھا کہہ دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بگ باس کے سیزن 15 کے ویک اینڈ کا وار کا پرومو جاری ہوگیا ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس ویک اینڈ کے وار پر میزبان سلمان خان شو کی کنٹسٹنٹ افسانہ خان پر اپنا غصہ اُتاریں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کنٹسٹنٹ افسانہ خان سارا ہفتہ گھر کے اندر تباہی مچاتی رہیں، اُنہوں نے گھروالوں کے ساتھ لڑائی جھگڑا کیا، ہاتھا پائی کی، بالی ووڈ اداکارہ شمیتا شیٹی کو عُمر رسیدہ اور گھٹیا خاتون کہا۔

افسانہ خان کے اس رویے نے سلمان خان کو شدید غصہ دلایا جس پر وہ بےقابو ہوگئے اور ویک اینڈ کے وار پر افسانہ خان پر برس پڑے۔

بگ باس کے سیزن 15 کے ویک اینڈ کے وار کے پرومو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سلمان خان نے افسانہ خان کو ’سیزن کے سُپر اسٹار‘ کے طور پر متعارف کرایا جس پر وہ حیران رہ جاتی ہیں۔

سلمان خان طنزیہ انداز میں کہتے ہیں کہ میں آپ کو بتاؤں گا کہ آپ نے اس پورا ہفتہ گھر والوں کو کیا کیا کہا ہے۔

میزبان سلمان خان نے افسانہ خان کے الفاظ دُہراتے ہوئے کہا کہ ’شمیتا بُڈھی اور گھٹیا عورت ہے، اب شمیتا کا گھر بیٹھنے کا وقت آگیا ہے۔‘

سلمان خان نے افسانہ خان سے مخاطب ہوتے ہوئے پوچھا کہ ’اب آپ فیصلہ کریں گی کہ کون عُمر رسیدہ ہے اور کس کو گھر بیٹھ کے آرام کرنا چاہیے؟‘

افسانہ خان نے سلمان خان کو اُن کی بات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ میرے لیے بڑے ہیں جس پر سلمان خان آگ بگولہ ہوگئے۔

سلمان خان نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں بُڈھا (بوڑھا) ہوں۔

افسانہ خان نے اپنے نامناسب رویے کی وجہ بتائی لیکن سلمان خان نے اُنہیں بدتمیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر میرے ہاتھ میں ہو تو میں آپ کو ابھی اس شو سے بےگھر کردوں۔

تازہ ترین