ممبئی (نیوز ڈیسک) رندھیر کپور نے انکشاف کیا ہے کہ بولی وڈ کے شومین راج کپور شایدفلم انڈسٹری کو چین لے جاتے لیکن اداکار و فلمساز نے کبھی چین کا دورہ نہیں کیا کیونکہ وہ یہ نہیں چاہتے تھے کہ ان کے مداح انہیں وزن بڑھنے کے بعد دیکھیں۔ رندھیر کپور نے کہا کہ ان کے والد کی فلمیں چین میں کافی مقبول تھیں اس لئے آنجہانی اداکار کو ایک بار چین کے دورے کی دعوت بھی دی گئی، لیکن انہوں نے کہا کہ میں سوچ رہا ہوں کہ چین نہ جاؤں کیونکہ وہ فلم آوارہ ،شری 420کے راج کپور سے پیار کرتے ہیں اور اب میرا سازئ دیکھو، میں اب ویسا نہیں دکھتا۔رندھیر کپور نے کہا کہ چین میں ہندی فلموں کے سرخیل ہونے کے باوجود راج کپور نے کبھی چین کا دورہ نہیں کیا کیونکہ وہ اپنے مداحوں کو مایس نہیں کرنا چاہتے تھے، ان کا کہنا تھا کہ روسی مجھے سالہاسال سے مختلف سائز میں دیکھتے آرہے ہیں اس لئے وہ مجھے آج بھی قبول کرلیتے ہیں لیکن میں چین میں اپنے مداحوں کو مایوس نہیں کرسکتا اوران کے تصور کو ختم نہیں کرنا چاہتا، میں ویسا راج کپور نہیں رہا جیسا وہ سمجھتے ہیں۔رندھیر کپور اپنے بھائیوں رشی کپور اور راجیو کپور کے ساتھ گزشتہ رات انٹرٹینمنٹ میں راج کپور ایورڈز فار ایکسلینس کی تقریب کے دوران پینل ڈسکشن میں بات کررہے تھے۔