ذاتی استعمال کی کمرشل جائیدادوں پر 70فیصد پراپرٹی ٹیکس اضافہ واپس

December 01, 2021

راولپنڈی (ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سے) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے راولپنڈی سمیت صوبہ بھر میں ذاتی استعمال والی کمرشل جائیدادوں پر پراپرٹی ٹیکس میں کیا جانے والا 70فیصد اضافہ واپس لے لیا ہے، جو مالکان جائیداد رواں مالی سال کا پراپرٹی ٹیکس جمع کروا چکے ہیں ان کے اگلے مالی سال کے پراپرٹی ٹیکس میں یہ رقم ایڈجسٹ ہو جائیگی، ایکسائز ذرائع کے مطابق معمول کے مطابق پراپرٹی ٹیکس میں سالانہ دس فیصد اضافہ ہی ہوگا، یہ اضافہ رواں مالی سال کے دوران کیا گیا تھا، واضح رہے کہ شہری معمول کے مطابق پہلے تین ماہ کے دوران ہی اپنے ذمہ پراپرٹی ٹیکس رعایت حاصل کرنے کیلئے جمع کروا دیتے ہیں تاہم ان کی جمع شدہ رقم کو آئندہ مالی سال پراپرٹی ٹیکس میں ایڈجسٹ کر لی جائیگی۔