اقلیتی برادری کو درپیش مشکلات اور مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، وزیرزادہ

December 02, 2021

پشاور(جنگ نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور و زیر زادہ نے کہا ہے کہ وہ اقلیتی برادری کو درپیش مشکلات اور مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور اس سلسلے میں موجودہ حکومت نے اقلیتی برادری کی فلاح اور ترقی کیلئے جامع حکمت عملی وضع کی ہے جس سے ان کے مسائل اور مشکلات کا ازالہ ممکن ہو سکے گا ۔یہ بات انہوں نے پشاور سے تعلق رکھنے والے اقلیتی برادری کی ایک وفد سے ملاقات میں کہی۔ وفد کی قیادت فاسٹر انجم کر رہے تھے جب کہ اس موقع پر فاسٹر جوذف اور فاسٹر سلیم نبی بھی موجود تھے۔وفد نے معاون خصوصی کوچرچ میں تعمیراتی کاموں اور مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔انہوں نے عوامی مسائل اور مشکلات کے بارے میں بھی معاون خصوصی کو بتایا ۔ معاون خصوصی نے وفدکو یقین دلایا کہ مذکورہ چرچ کیلئے 60لاکھ روپے فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کے دیگر مسائل بھی جلد حل کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے اقلیتی برادری کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھائے ہیں جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اقلیتی برادری کی ترقی کے لیے سالانہ ترقیاتی بجٹ میں ایک ارب 45 کروڑ روپے مختص کر رکھے ہیں جو ایک ریکارڈ بجٹ ہے اور حکومت نے صوبے میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود و ترقی کے لیے کئی اہم اصلاحات بھی کی ہیں جن سے براہ راست عام اور غریب اقلیتی برادری کے عوام مستفید ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس سال کرسمس پشاور میں سرکاری سطح پر منانے کے لئے اقدامات جاری ہیں اور اس میں تمام برادری شرکت کرے گی ۔انہوں نے اس موقع پر کرسمس کا کیک بھی کاٹا جب کہ وفدنے معاون خصوصی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ذاتی دلچسپی سے اقلیتی برادری کے مسائل حل ہو رہے ہیں اور تمام اقلیتی برادری ان کی اور صوبائی حکومت کی بے حد مشکور ہے.