آسٹریا میں یکم فروری سے ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی گئی

December 06, 2021

ویانا(اکرم باجوہ) آسٹریا میں یکم فروری سے ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی گئی، 1.5 ملین شہریوں کو ویکسین لگائی جائے گی۔ویکسی نیٹڈ افراد کی تعداد ابھی کم ہے ۔اعلان شدہ لازمی ویکسی نیشن کے باوجود جمعہ کو صرف 12935 لوگوں کو پہلا ٹیکہ لگایا گیا۔اگرچہ یہ پچھلے سات دنوں میں سب سے زیادہ تعداد ہے لیکن یہ وبائی مرض پر جلد قابو پانے کے لیے کافی نہیں ہے۔ گزشتہ ہفتہ سے کل 76125 افراد نے پہلی ویکسین لگوائی ۔مجموعی طور پر آسٹریا کی کل آبادی کا 71.5فیصد کم از کم ایک بار ویکسین کرا چکے ہیں۔ویکسی نیشن سے انکار کرنے والوں کو 7600 یورو تک جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ 5دسمبر سے 14 سال یا اس سے زیادہ عمر کے لگ بھگ 1.5 ملین آسٹرین باشندوں کو یکم فروری سے پہلے ویکسین کرانا ہوگی۔ گزشتہ روز ماہرین کے اجلاس کے بعد حکومت ایک دو روز میں ایک پہلا مسودہ قانون پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے کہ اس ذمہ داری کو کیسے نافذ کیا جائے۔ ایک چیز واضح ہے تمام وہ افراد جنہوں نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی، انکو فروری سے پہلے سے ایک خط موصول ہوگا جس میں ویکسی نیشن کرانے کی یاد دہانی کرائی جائے گی، اگر یہ لوگ اس پر توجہ نہیں کرتے ہیں تو ان افراد کو € 7600 تک کے جرمانے کا خطرہ ہے - ممکنہ طور پر آپ کی تنخواہ کے مطابق بھی جرمانہ کیا جا سکتا ہے۔