ڈاکوؤں کیخلاف شاہ بیلو میں جاری آپریشن تیز کرنے کیلئے حکمت عملی تیار، پولیس کمانڈوز کی تعداد میں اضافہ، تیاریاں مکمل

January 02, 2022

سکھر (بیورورپورٹ ) سکھر پولیس کی جانب سے نئے سال 2022میں ڈاکووں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کچے کے جنگلات شاہ بیلو میں جاری آپریشن کو تیز کرنے کیلئے حکمت عملی مرتب کرلی گئی ہے، ڈاکووں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑا آپریشن کچے کے علاقے شاہ بیلو میں جاری ہے اس آپریشن کو مزید تیز کرنے کیلئے ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کی قیادت میں نئی حکمت عملی مرتب کی گئی ہے آپریشن کو مزید تیز اور موثر بنانے کے لئے پولیس نے کمانڈوز کی تعداد بڑھاتے ہوئے بکتر بند گاڑیاں اور پولیس کی مزید نفری اور جدید آلات جن میں دور تک مار کرنے والی دوربین، نائٹ وژن کیمرے اور دیگر ضروری آلات شامل ہیں، وہ کچے کے علاقے شاہ بیلو میں موجود بھی ہیں اور ان کی تعداد بڑھائی جارہی ہے مزید نفری کو بھی پولیس چوکیوں میں تعینات کیا جائے گا، ٹیکنکل آلات کی مدد سے آپریشن رواں سال میں مزید موثر اور کامیاب بنایا جائے گا۔ ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کے مطابق 2021 میں پولیس نے ضلع بھر میں ڈاکووں کے خلاف بڑے کامیاب اور موثر آپریشن کئے جس کے دوران ڈاکووں کو بھاری نقصان اور پولیس کو بڑی کامیابیاں ملی ہیں اور اب پولیس ضلع بھر میں نئے سال 2022میں نئی حکمت عملی کے تحت ڈاکووں کے خلاف آپریشن تیز کررہی ہے اور اس سال میں پولیس کی کوشش ہوگی کہ ضلع بھر کو ڈاکووں اور جرائم پیشہ عناصر،معاشرتی برائیوں سے پاک کردیا جائے، پولیس نے کچے کے علاقے شاہ بیلو میں ایک بڑا آپریشن شروع کیا ہوا ہے اس آپریشن میں پولیس نے ڈاکووں کی درجنوں پناہ گاہوں کو نذرآتش اور مسمار کیا ہے اور آپریشن کے دوران متعدد ڈاکو مارے گئے جبکہ درجنوں ڈاکووں کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ کچے کے جنگلات میں ڈاکووں کی نقل و حرکت پر مکمل نظر رکھی جارہی ہے ڈاکووں اور ان کے سہولت کاروں کے راستوں پر بھی پولیس کی چوکیاں قائم کرکے وہاں پولیس فورس کو تعینات کیا ہے تاکہ آپریشن کے دوران ڈاکو اور جرائم پیشہ عناصر راہ فرار اختیار نہ کرسکیں انہوں نے کہا کہ ڈاکووں کے خلاف جاری آپریشن میں پولیس کی بھاری نفری اور کمانڈوز کے ساتھ متعدد ٹیمیں سرگرم عمل ہیں اور2021کے مقابلے میں2022میں پولیس کی کوشش ہوگی کہ زیادہ سے زیادہ کامیابیاں حاصل کی جائیں تاکہ ڈاکووں کا قلع قمع یقینی بنایا جاسکے انہوں نے کہا کہ ڈاکووںکیخلاف آپریشن تیز کرنے کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔شاہ بیلو میں آپریشن کا دائرہ مزید بڑھایا جارہا ہے۔