ہوم گراؤنڈز کی چیمپئن بھارتی کرکٹ ٹیم بیرون ملک ایک اور سیریز ہار گئی

January 15, 2022

کیپ ٹاؤن (جنگ نیوز) بڑے بڑے ناموں پرمشتمل بھارتی ٹیم نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ اس کی کامیابیاں ہوم گرائونڈز کی محتاج ہوتی ہیں۔ کوہلی الیون جنوبی افریقہ کی نسبتاً ناتجربہ کار ٹیم سے ٹیسٹ سیریز ہار گئی۔ پروٹیز نے تیسرا اور فیصلہ کن میچ سات وکٹوں سے جیت کر سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔ جمعے کو ٹیسٹ کے چوتھے روز جنوبی افریقہ کے کیگن پیٹرسن نے 82 رنز بنا کر اپنی ٹیم کے لیے جیت کی راہ ہموار کی۔ انہیں مین دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ ریسی وان ڈر ڈیوسن اور کیگن پیٹرسن کو میچ کے پہلے گھنٹے میں محمد شامی اور جسپریت بمرا کی طرف سے خطرناک بولنگ کا سامنا کرنا پڑا۔ مہمان ٹیم کے پاس پیٹرسن کو 59 رنز پر آئوٹ کرنے کا موقع تھا جو سلپ میں کھڑے چیتیشور پجارا نے کیچ گنوا دیا۔ اس وقت جنوبی افریقہ کا اسکور 126تھا۔ چوتھے روز لنچ کے بعد وین ڈر ڈیوسن اور ٹیمبا باؤما نے 57 رنز کی پارٹنرشپ نے جیت کو یقینی بنایا۔ لنچ سے پہلے وین ڈر ڈیوسن کی شاردل ٹھاکر کی گیند پر زوردار اپیل ہوئی، لیکن وہ بچ گئے۔ بھارت نے ریویو لیا تھا، لیکن ناٹ آؤٹ برقرار رہا جس پر فیلڈرز خوش نظر نہیں آئے۔