پاکستان پوسٹ بین الاقوامی درجہ بندی میں 49 ویں سے 26 ویں نمبر پر

January 16, 2022

اسلام آباد (وقائع نگار) وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان پوسٹ گزشتہ 3 سال میں بین الاقوامی درجہ بندی میں 49 ویں سے 26 ویں نمبر پر آگیا ہے، عوام کے اعتماد اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں مختلف اصلاحاتی اقدامات کے باعث 12 سال بعد رواں مالی سال کے دوران ادارہ سالانہ خسارہ ختم کرنے میں کامیاب ہو گیا ہے، مختلف ٹویٹس میں وزیر مواصلات نے کہا کہ گزشتہ 3سال میں پاکستان پوسٹ کی آمدن میں15 ارب روپے کا اضافہ ہوا لیکن تنخواہوں میں سالانہ اضافے کے سبب خسارہ ختم کرنا مشکل ٹاسک تھا، 2018 میں جب ذمہ داریاں سنبھالیں تو دیگر چیلنجز کیساتھ ساتھ سالانہ خسارے میں مسلسل اضافہ ، فیٹف کی 13 آبزرویشن بھی تھیں جن پر نہ صرف عملدرآمد کرایا بلکہ بہت ساری مالیاتی سروسز سے متعلقہ اقدامات پر بھی قدغن کا سامنا کرنا پڑا، پرانی خستہ حال عمارتوں کو ٹھیک کرنے کیلئے پیسہ نہیں تھا لہٰذا ایک نئی سوچ سے ڈیجیٹل فرنچائز پوسٹ آفس کا اسلام آباد سے آغاز کیا اور اب دائرہ کار پورے ملک میں پھیلایا جا رہا ہے جو بہتر ماحول کیساتھ جدتوں سے آراستہ ہوگا۔