ایف بی آر کی جانب سے دکانداروں کو تنگ کرنا بند کیا جائے، مہر الٰہی

January 17, 2022

پشاور(وقائع نگار) مرکزی تنظیم تاجران کے صوبائی صدر ملک مہر الٰہی نے کہا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے دکانداروں کو تنگ کرنا بند کیا جائے بصورت دیگر اپنے دفاع میں ہر حد تک جائیں گے اور اس سلسلے میں کسی قسم کاکوئی مسئلہ بنا یا امن و امان کی صورت حال متاثر ہوئی تو اس کی تمام تر ذمہ داری ایف بی آر حکام پر عائد ہوگی یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز مسگراں بازار قصہ خوانی کے تاجروں کی نومنتخب کابینہ کی حلف برداری تقریب کے موقع پر شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہیں انہوں نے کہا کہ پشاور کے تاجر اپنا خون پسینے کی محنت سے بوریاں بھر بھر کے حکومت کو ٹیکس ادا کررہے ہیں جس کا صلہ ہمیں دکانوں کی بندش کی صورت دیا جارہا ہے یہ کہاں کا انصاف ہے ایف بی آر جو زبردستی طور پر دکانوں پرپوائنٹ آف سیل (پی او ایس) لگا رہی ہے اور دکانداروں کو نوٹسز دئیے جارہے ہیں محکمے کے لوگ مختلف بازاروں میں دکانیں سیل کرنے کی کوششیں کررہے ہیں اسے کسی صورت نہیں مانا جائے گا اور اس وقت جو بھی نقص امن کی صورتحال بنی اس کی ذمہ داری حکام پر عائد ہوگی یہ سارا عمل جبراً کیا جارہا ہے ایسی تاجر کش کارروائیوں کوہم مسترد کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ پی او ایس اتنا ہی ناگزیر ہے تو پھر اسے بڑے بڑے برینڈز اوربڑے بڑے ایئر کنڈیشنز پلازے ہیں ان پر لگایا جائے نہ کہ چھوٹے دکانداروں کو بیجا تنگ کیا جائے ایف بی آر حکام نے چھوٹے دکانداروں کیخلاف ایسا کوئی بھی معدانہ اقدام کیا تو ہم احتجاجاً سڑکوں پر بھی نکلنے سے گریز نہیں کرینگے۔