لاپتا افراد کیس، ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ کو فوکل پرسن مقرر کرنے کی ہدایت

January 19, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں بینچ نے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ کو لاپتا افراد کے معاملے پر فوکل پرسن مقرر کرنے کی ہدایت کردی، شہری پٹھان خان زہرانی سمیت دیگر کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی، پٹھان خان زہرانی کی اہلیہ نے بتایا کہ شوہر کئی ماہ سے لاپتا ہے، شوہر کے گردے بھی خراب تھے نجانے کس حال میں ہوگا، پولیس افسران کی ناقص تفتیش پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کیا لاپتا افراد کے معاملے میں ایسے تفتیش ہوتی ہے؟ آتے ہیں تاریخ لے کر چلے جاتے ہیں بتایا جائے لاپتا افراد کے معاملے پر کیا تحقیقات کیں، کیا لکھ کر لائے ہیں کچھ پتا ہے؟ ریڈر نے بتایا ہوگا کیس لگا ہوا ہے جیسا تیسا پرنٹ نکال کر جواب عدالت میں جمع کرادیا، ہم تفتیشی افسر کی آدھی تنخواہ لاپتا شخص کی اہلیہ کو دینے ، ناقص تفتیش کرنے والے افسر کو معطل کرنے کا بھی حکم دے دیتے ہیں، عدالت نے ہدایت کی 15 دن کی مہلت دے رہے ہیں بندے کا پتالگا کر بتاؤ کون لے گیا۔