کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ میں موٹروے پولیس کا پہلاڈرائیونگ لائسنسنگ سہولت مرکز قائم کردیا گیا، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس، ساؤتھ زون، کراچی کے زیر اہتمام ایم نائن پر واقع ڈی آئی جی آفس، ساؤتھ زون میں جدید ڈرائیونگ لائسنسنگ اتھارٹی سہولت مرکز کا باقاعدہ افتتاح ایڈیشنل آئی جی، ساؤتھ ریجن، جاوید اکبر ریاض نے کیا ،اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ ریجن نے کہا کہ ڈی ایل اے سہولت مرکز کا قیام شہریوں کو جدید، شفاف اور میرٹ پر مبنی ڈرائیونگ لائسنسنگ کی سہولت فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، ابتدائی طور پر اس مرکز میں موٹر سائیکل، کار، جیپ اور ایل ٹی وی کیٹیگریز کے ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق سہولتیں فراہم کی جائیں گی، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نظام کے ذریعے لائسنسنگ کے عمل میں شفافیت اور سہولت کو یقینی بنایا جائے گا،افتتاحی تقریب میں اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان، معروف مصور جمی انجینئر ، موٹروے پولیس کے افسران و اہل کاروں سمیت دیگر معروف شخصیات نے شرکت کی، دریں اثناء ایڈیشنل آئی جی نے زونل آفس ساؤتھ میں قائم نئے آپریشنل نگراں مرکز کا بھی افتتاح کیا۔