کراچی (اسٹاف رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام تین روزہ ’’پاکستان میوزک فیسٹیول 2026‘‘ میں ملک کے نامور گلوکاروں اور موسیقاروں نے اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی،جون ایلیا لان میں منعقد ہونے والی موسیقی کی اس خوبصورت شام میں معروف اور ابھرتے ہوئے فنکاروں نے مختلف انداز میں سُریلے گیت پیش کرکے سامعین کو محظوظ کیا ، فیسٹیول میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میوزک کمیٹی کے چیئرمین امجد حسین شاہ سمیت موسیقی سے محبت کرنے والوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، نظامت کے فرائض نعمان خان نے انجام دیے،حمیرا چنا سدا بہار گیت گا کر حاضرین کو محظوظ کیا، جبکہ دیگر فنکاروں نے بھی مختلف طرز کی موسیقی اور خوبصورت گائیکی پیش کرکے فیسٹیول کو یادگار بنا یا، پاکستان میوزک فیسٹیول میں ملک کے مختلف رنگوں اور موسیقی کی مختلف اصناف کو ایک پلیٹ فارم پر پیش کیا گیا ، جس کا مقصد موسیقی کے شعبے میں نئے اور باصلاحیت فنکاروں کو مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی موسیقی کے بھرپور اور متنوع ورثے کو اجاگر کرنا ہے۔