چوکیدار سے ایڈیشنل سیکریٹری ترقی پانیوالے افسر کی جعلسازی کی تحقیقات

January 19, 2022

کراچی (اسد ابن حسن) سندھ اسمبلی کے سینئر اسپیشل سیکریٹری محمد خان رند نے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو ایک مراسلہ 29دسمبر2021ء کو روانہ کیا تھا کہ سندھ اسمبلی کے ایڈیشنل سیکریٹری محمد حبیب سمیجو نے 1982ء میں سرکاری نوکری حاصل کرنے کے بعد اپنے قومی شناختی کارڈ اور فیملی ٹری میں جعلسازی کی۔

مذکورہ بالا دونوں افسران نے تحقیقات کے حوالے سے تصدیق کی جبکہ ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ عامر فاروقی نے بات کرنے سے گریز کیا۔ ہیڈکوارٹر اسلام آباد نے درخواست وصول ہونے کی تصدیق کی۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے ہیڈکوارٹر کو بھیجی گئی درخواست کا عنوان ’’ایڈیشنل سیکرٹری محمد حبیب سمیجو کی قومی شناختی کارڈ نمبرز 161622-88-477اور 9-1094585-42301میں جعلسازی کرنا‘‘ تحریر کیا گیا ہے۔

مزید متن میں تحریر کیا گیا ہے کہ محمد حیبب سمیجو کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ وہ 18اپریل 1982ء کو سندھ کی سرکاری نوکری میں گریڈ ون میں بطور چوکیدار بھرتی ہوا۔

اس وقت اس کی عمر ’’13‘‘ برس تھی جبکہ قانون کے مطابق سرکاری نوکری میں بھرتی ہونے کی عمر 18برس مقرر تھی اور اب بھی ہے۔