رنگ روڈ ، لئی ایکسپریس وے و فلڈ چینل کیلئے لینڈ ایکوزیشن کی اجازت

January 19, 2022

راولپنڈی(راحت منیر/ اپنے رپورٹرسے) پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے ایکنک منظوری کے بعد راولپنڈی رنگ روڈ کی تعمیر اور نالہ لئی ایکسپریس وے و فلڈ چینل منصوبہ کیلئے لینڈ ایکوزیشن پر کام شروع کرنے کی اجازت دیدی اور کہا ہے کہ دونوں کی انتظامی منظوری کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ ایکنک نے نالہ لئی منصوبہ کی لینڈ ایکوزیشن کیلئے24 ارب96کروڑ70لاکھ روپے جبکہ رنگ روڈ کیلئے 23ارب 60کروڑ62لاکھ14ہزارا روپے کی منظوری دی ہے جو مکمل طور پر پنجاب حکومت فراہم کریگی۔ رنگ روڈ بانٹھ تا ٹھلیاں38 اعشاریہ 30 کلومیٹر ہےجس کیلئے ایکنک کی طرف سے منظوری کیلئے پانچ اقدامات واضح کیے گئے تھے۔جس میں فنڈز کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ پنجاب حکومت منصوبہ کیلئے15ارب16کروڑ54لاکھ70ہزار روپے اپنے وسائل سے فراہم کرے گی۔پی ایس ڈی پی سے کوئی فنڈز فراہم نہیں ہوں گے اور باقی کے فنڈز کیلئے پنجاب حکومت وفاق سے قرضہ لے سکتی ہے۔منصوبہ کی مدت36ماہ رکھی گئی ۔جس کا آغاز انتظامی منظوری سے شروع ہوگا۔ ذرائع کے مطابق نالہ لئی ایکسپریس وے اینڈ فلڈ چینل منصوبہ کیلئے لینڈ ایکوزیشن کی مدت انتظامی منظوری سے چھ ماہ رکھی گئی ہے۔نالہ لئی ایکوزیشن کیلئے24ارب96کروڑ70لاکھ روپے کی لاگت میں چھ ارب روپے مکانات،کمرشل ڈھانچے اور دیگر کیلئے رکھے گئے ہیں۔یوٹیلیٹی سروسز کی منتقلی کیلئے25ملین روپے،مانیٹرنگ اینڈ ایولیشن کیلئے20ملین روپے،زمین خریداری کیلئے16ارب90لاکھ روپے،انتظامی اخراجات6اعشاریہ70ملین روپے جبکہ دیگر ہنگامی اخراجات کیلئے200ملین روپے مختص کئے گئے ہیں۔