ارمڑ اور گردو نواح کے علاقوں میں گیس پریشر کی کمی کا مسئلہ

January 19, 2022

پشاور ( وقائع نگار )نو منتخب چیئرمین تحصیل چمکنی ارباب محمدعمرخان نے حکومت سے ارمڑ اور گرد نواح کے علاقوں میں گیس پریشر کی کمی کا مسئلہ فوری طور پر حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے اور کہاہے کہ عوام کو بنیادی ضروریات زندگی کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہئیے۔ انہوں نے ارمڑمیں گیس کے کم پریشر پرافسوس کا اظہارکرتے ہوئے حکومت کو خبردارکیا ہے کہ گیس پریشر مذکورہ علاقے کا دیرینہ مسئلہ ہے ، اگر یہ مسئلہ حل نہ ہوا تو علاقے کے عوام کے ساتھ ملکر بھر پور احتجاج کریں گے ایک بیان میں نومنتخب چیئرمین ارباب عمرکا کہناتھاکہ ایک طرف گھریلوں صارفین کو گیس کی فراہمی کے نام پر سی این جی سٹیشن بند کئے گئے ہیں تو دوسری جانب گھریلوں صارفین کوبھی مکمل طور پر گیس کی فراہمی ممکن نہیں بنائی جارہی ۔ انہوں نے ارمڑ کے عوام کیساتھ اظہاریکجہتی کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ اکیلے نہیں ، ان کو درپیش تمام مسائل کے حل کیلئے وہ ارمڑ کے عوام کے ساتھ ہوں گے اور ہر فورم پر ان کے حق کیلئے آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے منتخب حکومتی نمائندوں پر بھی سخت تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ کیوں اس اہم مسئلے پر خاموش ہیں اور کوئی توجہ نہیں دے رہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ عوام کی بے لوث خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور ارمڑ کے باسیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ان کا بھرپور ساتھ دیں گے یہ علاقے کے عوام کا ایک جائز مطالبہ ہے اورمذکورہ علاقے کے عوام کو گذشتہ سالوں سے گیس پریشرکی کمی کاسامناہے لہذا اس مسئلے کے مستقل حل کیلئے ٹھوس منصوبہ بندی کی ضرورت ہے