سپر لیگ، لاہور اور کراچی کی روایتی جنگ میں بابر، شاہین کا بھی ٹاکرا

January 20, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل میں جہاں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کی روایتی جنگ میں بطور کپتان بابر اعظم اور شاہین آفریدی کا ٹاکرا شائقین کی دلچسپی کا سبب ہوگا وہیںدوسری جانب محمد رضوان اور سرفراز احمد میں بھی بطور وکٹ کیپر اور کپتان صحت مند مسابقت کا امکان ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا شمار ان تین ٹیموں میں ہوتا ہے جن کی ایچ بی ایل پی ایس ایل میں جیت کی شرح 50 فیصد سے زائد ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم سرفراز احمد کی قیادت میں ٹورنامنٹ کے ابتدائی دونوں فائنلز میں رسائی حاصل کرنے کے بعد تیسرے کی فاتح بھی رہ چکی ہے۔دوسری طرف ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان ہیں جو گزشتہ دو سالوں سےزبردست فارم میں ہیں۔ وہ کیلنڈر ایئر 2021 میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر ہیں۔ انہوں نے 2021 میں سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز 1326 رنز بنائے، محمد رضوان کی قائدانہ صلاحیتوں پر نظر ڈالی جائے تو گزشتہ سال پہلے مرحلے میں پوائنٹس ٹیبل پر آخری پوزیشن پر موجود ملتان سلطانز کی قیادت دوسرے مرحلے کے لئے محمد رضوان کے سپرد کی گئی تو نہ صرف ٹیم کو ٹیبل ٹاپر بنایا بلکہ پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا ٹائٹل بھی جتوا دیا۔ دونوں ٹیمیں اب تک 7 مرتبہ ایونٹ میں مدمقابل آچکی ہیں، جہاں 4 مرتبہ کامیابی کا سہرا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سر سجا ہے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں دونوں ٹیمیں 31 جنوری کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور 18 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں آمنے سامنے ہوں گی۔