اگر آرڈر کینسل کرنے کے بعد موصول ہوجائے؟

January 21, 2022

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال: آئٹم آن لائن خریدا،بیچنے والے نے دس دن میں بھیجنے کا کمٹمنٹ کیا، دس دن میں آرڈر وصول نہیں ہوا، دس دن اور انتظار کیا ،آرڈر نہیں وصول ہوا، میں نے کینسل کردیااورمعاملہ ختم ہوگیا۔ اب مجھے پچیس دن بعد یہ آئٹم گھر پر موصول ہوگیا ہے۔ اس صورت میں کیا یہ آئٹم فری ہو گیا؟ یا پیسے دینے ہیں ؟

جواب: جب آپ نے آرڈر منسوخ کیا اور بیچنے والے نے بھی قبول کرلیا تو معاملہ ختم ہوگیا۔ اب جو آئٹم آپ کو وصول ہوا ہے ،وہ آپ کو وصول نہیں کرنا چاہیے تھا، کیوں کہ معاملہ دونوں جانب سےختم ہوچکا تھا، لیکن جب وصول کرلیا تووہ آپ کے پاس امانت ہے اور بیچنے والے کی ملکیت ہے۔بیچنے والے کو حق ہے کہ وہ آپ سے اپنی چیز واپس وصول کرلےیا آپ حُسنِ اَخلاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیز انہیں واپس بھیج دیں یا ان سے پوچھ کر واپس کردیں، یہ تمام صورتیں جائز ہیں، یا بیچنے والے سے دوبارہ سودا کرکے قیمت ادا کردیں اور چیز رکھ لیں۔بہرحال یہ آئٹم فری نہیں ہوا ہے، یا تودوبارہ خریدنا ہوگا یا واپس کرنا ہوگا۔

اگر آرڈر منسوخ ہونے کے باوجود بیچنے والنے نےا ٓئٹم آپ کو بھیجا ہو، اس صورت میں چوں کہ آپ نے چیز رکھ لی ہے، اس لیے تعاطی (کچھ کہے بغیر عملی لین دین ) کی وجہ سے بیع ہوگئی ہے اور قیمت کی ادائیگی بھی آپ پر لازم ہے۔

اپنے دینی اور شرعی مسائل کے حل کے لیے ای میل کریں۔

masailjanggroup.com.pk