5 جی موبائل سروسز کا آغاز، امریکہ کیلئے چھ عالمی فضائی کمپنیز نے پروازیں معطل کریں

January 21, 2022

واشنگٹن(نیوز ڈیسک)امریکہ میں 5 جی موبائل فون سروسز کا آغاز ہوگیا جس پر طیاروں کی پرواز میں رکاوٹ بننے کا خدشات کا اظہار کرتے ہوئے ایمریٹس سمیت 6 فضائی کمپنیوں نے امریکہ کے لیے پروازیں معطل کردی ہیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایمریٹس، ائر انڈیا، آل نیپون ائرویز، جاپان ائر لائنز، لفتھانسا اور برٹش ائرویز نے امریکہ کے ساتھ فضائی آپریشن سے انکار کرتے ہوئے ان ائرپورٹس کے لیے تمام پروازیں معطل کردیں جہاں 5 جی موبائل سروس فراہم کی جا رہی ہے۔ان فضائی کمپنیوں نے پروازیں معطل کرنے کی وجہ 5 جی ٹیکنالوجی کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید اور نئے موبائل نیٹ ورک سے طیاروں کی پروازوں میں تکنیکی مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔ ایمریٹس نے 9 امریکی ہوائی اڈوں پر پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا ہے،ائر انڈیا نے بھی 5ائرپورٹس کے لیے پروازیں معطل کردی ہیں،اسی طرح اے این اے اور جاپان ائرلائنز نے بوئنگ 777طیاروں کے لیے کچھ ائرپورٹس پر پروازیں بند کر دی ہیں البتہ بوئنگ 787 کی پروازیں جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔جرمنی کی ائرلائن لفتھانسا نے فرینکفرٹ اور میامی کے درمیان پرواز منسوخ کردی ہیں جب کہ مخصوص بوئنگ طیاروں کے لیے فرینکفرٹ سے لاس اینجلس، شکاگو اور سان فرانسسکو کی پروازوں پر پابندی ہوگی۔برٹش ائرویز نے بھی چند پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان ائرپورٹس کا رخ نہیں کریں گے جہاں 5 جی سگنل کام کررہے ہیں۔انٹرنیشنل ائرلائنز کی بندش کے اس فیصلے کے بعد امریکہ نے ائرپورٹس پر 5جی سروس کی فراہمی ملتوی کردی ہے تاہم فضائی کمپنیوں نے تاحال پروازوں کی معطلی کے اپنے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔واضح رہے کہ امریکی فضائی کمپنیز جیٹ بلیو، امریکن ائر لائنز، ساؤتھ ویسٹ، یونائیٹڈ ڈیلٹا، یو پی ایس اور فیڈیکس نے امریکی حکومت کو لکھے خط میں خدشہ ظاہر کیا تھا کہ 5 جی ٹیکنالوجی کے ائر لائنز کے آپریشنز پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔فضائی کمپنیوں کے خدشات کے اظہار کے بعد امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے بھی اعتراف کیا تھا کہ 5 جی ٹیکنالوجی سے ریڈار الٹیمیٹرز سمیت طیاروں کے اہم سسٹمز متاثر ہوسکتے ہیں۔اس کے باوجود امریکی حکومت نے کئی بڑے گروپس کو فضائی آپریشن کی اجازت دےدی تھی جس پر 6 عالمی ائرلائنز نے امریکہ کے لیے پروازیں معطل کی ہیں۔