یوکرین نے جرمنی سے فوجی امداد مانگ لی

January 21, 2022

ماسکو (نیوز ڈیسک) یوکرین کو نیٹو کی رکنیت دینے کے معاملے پر یورپ اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔ امریکا اور یورپی ممالک میں روس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ یوکرین پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے تاہم روس نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ روس کو سیکورٹی ضمانت دی جائے کہ یوکرین کو نیٹو میں شامل کرکے توسیع پسندانہ عزائم کی نفی کی جائے گی۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق، یوکرین نے جرمنی سے درخواست کی ہے کہ ممکنہ روسی حملے سے بچنے کیلئے یوکرین کو عسکری مدد فراہم کی جائے۔ جرمنی میں تعینات یوکرینی سفیر نے چانسلر اولاف شُلز سے درخواست کی ہے کہ بحر اسود میں جرمن جنگی بحری جہاز روانہ کیے جائیں جبکہ بحر آزوف کے ساحلی علاقوں پر روس کے فضائی حملوں سے بچنے کیلئے طیارہ شکن سسٹم نصب کیے جائیں۔ دوسری جانب جرمن چانسلر اولاف شُلز نے یوکرین کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ جرمن چانسلر پر اس صورتحال کی وجہ سے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں کہ وہ روس کیلئے نرم موقف اختیار کرکے نیٹو اور یورپ کو کمزور کر رہے ہیں۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ وہ جرمنی روس کو ناراض نہیں کرنا چاہتا۔ برطانوی اخبار نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ جرمن چانسلر دبائو میں ہیں اور وہ سابق چانسلر اینجلا مرکیل کی روس کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی پالیسی برقرار رکھے ہوئے ہیں۔