جرمنی میں 24 گھنٹے میں ایک لاکھ سے زائد کورونا کیس

January 21, 2022

برلن ( نیوز ڈیسک) جرمنی میں کورونا وائرس سے صورت حال تشویش ناک ہوگئی اور 24گھنٹے کے دوران ایک لاکھ 12ہزار 323کیس ریکارڈ ہوئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق اومی کرون زور پکڑتا جا رہا ہے اور ملک میں ہر روز نئے کیسوں کی تعداد نئے ریکارڈ قائم کرنے لگی ہے۔ جرمن ادارے، رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ (آر کے آئی) نے یہ اعداد و شمارگزشتہ روز جاری کیے۔ اس حوالے سے حکومت نے سخت تدابیر پر عمل شروع کردیا ہے،جس کے تحت عوامی مقامات پر کورونا کا منفی ٹیسٹ دکھانا لازمی قرار دیا گیا ہے،جب کہ ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگوانے والوں ہی کو ریستوران اور دیگر مقامات پر رسائی حاصل ہوگی۔ ادھر جرمنی میں ایک بڑا طبقہ کورونا کی روک تھام کے لیے عائد پابندیوں کے خلاف ہے اور بڑی تعداد میں لوگ اس کے خلاف مظاہرہ بھی کرتے رہے ہیں۔ دارالحکومت برلن، کولون، کوٹبس، اور روشٹاک سمیت کئی دیگر شہروں کی سڑکوں پر ہر پیر کے روز ہزاروں مظاہرین نے حکومت کی کورونا وائرس کی روک تھام کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ احتجاجی ریلیوں میں مظاہرین نے لازمی ویکسین لگوانے کے احکامات پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے بینر اٹھا رکھے تھے۔ پولیس کے مطابق ریلیوں میں 70ہزار شہریوں نے شرکت کی تھی۔