مخدوم سید طارق اوورسیز پاکستانیوں کے لئے وزیراعظم کے معاون خصوصی مقرر

January 21, 2022

لندن ( مرتضیٰ علی شاہ ) وزیر اعظم عمران خان نے مخدوم سید طارق محمود الحسن کو سمندر پار پاکستانیوں اور ہیومن ڈیولپمنٹ ( ایس اے پی ایم ) پر اپنا معاون خصوصی مقرر کر دیا ہے۔ کیبنٹ ڈویژن سے جاری ہونے والے ایک نوٹیفکیشن میں برٹش پاکستانی بزنس مین اور سیاستدان کی تقرری کی تصدیق کی گئی ہے۔نوٹیفکیشن میں پڑھا جا سکتا ہے کہ وزیر اعظم نےرولز آف بزنس 1973 کی شق نمبر 4 کے تحت سید طارق محمود الحسن کو بخوشی سمندرپار پاکستانیوں اور ہیومن ڈیولپمنٹ پر وزیر اعظم کو معاون خصوصی مقرر کر دیا ہے ۔ جمعرات کے روز وزیراعظم خان نے تقرری کے رسمی اعلان سے قبل ایوان وزیراعظم میں مخدوم طارق سے ملاقات کی ۔ اس رپورٹر سے گفتگو کرتے ہوئے سید طارق محمود الحسن نے سمندر پار پاکستانیوں کی خدمت کے لئے اعتماد پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سمندرپار پاکستانیوں کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے اور وہ اپنے نئے عہدے پر کام کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے اس وژن کے مطابق انہیں حل کرنے کے لئے کام کریں گے جوکہ ہمیشہ سمندر پار پاکستانیوں کے حقوق کے لئے بولتے رہے ہیں۔ سید طارق محمود الحسن کا کہنا تھا کہ میں وزیراعظم عمران خان کا بہت شکرگزار ہوں اور میں اس فیصلے سے خود کو بہت عاجز محسوس کرتا ہوں جس کے تحت انہوں نے مجھے معاون خصوصی مقرر کیا ہے۔ میں وزیراعظم عمران خان کی توقعات پر پورا اترنے کے لئے پوری لگن سے کام کروں گا۔