تعلیمی ادارے کھلے رکھنے اور حاضری سے متعلق نوٹی فکیشن جاری

January 21, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) محکمہ اسکول ایجوکیشن نے تعلیمی ادارے کھلے رکھنے اور حاضری سے متعلق نوٹی فکیشن جاری کردیا۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن کے سیکریٹری اکبر لغاری کے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق کورونا کی حالیہ لہر اور اومیکرون وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے تناظر میں مجاز اتھارٹی کی منظوری سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں 12 سال سے کم عمر بچوں کی کلاسز 50 فیصد حاضری کے ساتھ متبادل دنوں میں جاری رہیں گی۔ نوٹی فکیشن کے مطابق 12 سال سے زائد عمر کے طلبہ کی کلاسز کوویڈ پروٹوکول (مکمل ویکسی نیشن) 100 فیصد حاضری کے ساتھ جاری رہیں گی، 12 سال سے زائد عمر کے طلبہ کی ویکسی نیشن کم از کم ایک ڈوز لازمی ہوگی، پہلی ڈوز کی مدت یکم فروری 2022ء ہوگی، نوٹی فکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ویکسی نیشن میں سوائے کسی طبی وجوہ کے کوئی دوسری وجہ قابل تسلیم نہیں ہوگی۔