کراچی (اسد ابن حسن) سندھ پولیس کے ٹیکنیکل اینڈ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ میں تعینات سینئر ترین ہیڈ کانسٹیبلز کو اگلے گریڈ یعنی بطور اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی ترقی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف سندھ پولیس ذوالفقار علی مہر کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپارٹمینٹل پروموشن کمیٹی نے سینئر ترین ہیڈ کانسٹیبل کی ترقی کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا اور تمام کیسز کو ڈسکس کرنے کے بعد 324 ہیڈ کانسٹیبلز کو 16 مارچ سے ترقی دینے کا فیصلہ کیا۔ دیگر نوٹیفکیشنز کے مطابق چار ایس پیز کے تبادلے اور تقرریاں کر دی گئی ہیں۔ توحید رحمان میمن کا تبادلہ ڈسٹرکٹ کیماڑی سے ڈسٹرکٹ سائوتھ انویسٹی گیشن ون کر دیا گیا ہے۔ مسرور احمد جتوئی کے پی او سے ڈسٹرکٹ کیماڑی انویسٹی گیشن تھری، ایس پی علی حسن شیخ کا ڈسٹرکٹ ایسٹ ہیڈ کوارٹر سے ملیر ڈویژن اور محمد اسلم راجپوت کا کے پی او سے سائٹ ڈویژن تبادلے کر دیئے گئے ہیں۔