کورونا کے باوجود پی ٹی آئی حکومت نے معیشت کو سنبھالا، شہباز گل

January 21, 2022

کراچی (ٹی وی رپورٹ)معاون خصوصی برائے پولیٹیکل کمیونی کیشن شہباز گل نے کہا ہے کہ کورونا کے باوجود پی ٹی آئی حکومت نے معیشت کو سنبھالا کورونا کے بعد دنیا بھر کی معیشت تباہ ہوئی۔ جس دن سے ہماری حکومت آئی اس دن سے غلط بیانیہ بنایا گیاکہ انہوں نے معیشت تباہ کردی۔20 ارب ڈالر کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تھاتجارتی خسارہ بھی سامنے تھابرآمدات نیچے جاچکی تھی ۔ معیشت بالکل برباد کرکے ہمیں دی گئی اپوزیشن کی جانب سے کہا گیا معیشت تباہ ہوگئی ہے۔ مشکل ترین حالات میں پہلے تو دوست ممالک کی مدد حاصل کی اس کے بعد کمر کسی اپنے اخراجات کم کئے ۔ عمران خان اور ان کی ٹیم دن رات لگی رہی غلط فیصلے بھی ہوئے ہوں گے صحیح بھی ہوئے ہوں گے مگر تمام فیصلے ایمانداری سے تھے ۔ اس کا اللہ نے نتیجہ دیا آج پاکستان میں ترقی کی شرح5.37 ہے زراعت کے شعبے میں کسانوں کو بہت فائدہ ہوا ہے شوگر مافیا کی جیبوں سے پیسہ نکلوا کر کسانوں کو دیا گیا کسان کے پاس پیسہ آیا تو اس نے ٹریکٹر خریدے پاکستان کی تاریخ میں اتنے ٹریکٹر فروخت نہیں ہوئے جتنے اب ہورہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔شہباز گل نے کہا کہ کسان کے پاس پیسہ آیا تو اس نے سرمایہ کاری کی جس سے بہترین زرعی پیدوارہوئی۔انڈسٹری میں نئی مشینری لگی لارج اسکیل مینو فیکچرنگ میں17 فیصد اضافہ ہوا ہے آئی ٹی کی برآمدات میں واضح اضافہ ہوا۔ اللہ نے عمران خان کی مدد کی اور معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔کورونا کے باوجود پی ٹی آئی حکومت نے معیشت کو سنبھالاکورونا کے بعد دنیا بھر کی معیشت تباہ ہوئی۔دنیا نے اعتراف کیا پاکستان نے کورونا میں بہترین کام کیا۔ دنیا میں کوئی ایک شخص بتائیں جس نے ورلڈ کلاس3 اسپتال بنائے ہوں جہاں70 فیصد لوگوں کا فری علاج ہوتا ہے۔ عمران خان نے پاکستان سے دو پارٹی سسٹم کا خاتمہ کیا۔عمران خان حکم دیں ماضی کی طرح ہم بھی سب کے منہ بند کردیں۔ہم کسی کو سر کاری حج کرا دیں کچھ دے کر منہ بند کرادیں ۔مجھ سے میرے فارم ہاؤس سے متعلق پوچھا جاتا ہے مجھ سے وہ پوچھتے ہیں جو سرکاری حج پر جاتے ہیں مجھ سے وہ پوچھتے ہیں جن کے گھر کی منی ٹریل نہیں ۔