ایس او پیز کی خلاف ورزی ناقابل معافی، چھوٹا ہو یا بڑا بچے گا نہیں، پی سی بی، پانچ جرمانوں کا سامنا ہوگا

January 22, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایک دستاویز کو حتمی شکل دے دی ہے جس کے مطابق ٹورنامنٹ کے دوران کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بلا تفریق سخت سزائیں دی جائیں گی۔ ماضی کے تلخ تجربات کے بعد اب پی سی بی کوئی خطرہ مول لینے کو تیار نہیں ہے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ کھلاڑی کتنا بڑا اور با اثر کیوں نہ ہو اسے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سزا سے بچنا مشکل ہوگا۔ ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو مساوی سزا دی جائے گی۔ ہر ٹیم کے لئے الگ فلور مخصوص ہے۔ ایک فلور کا کھلاڑی دوسرے فلور پر نہیں جاسکے گا، کھلاڑی کی بھی غیر ضروری میل ملاپ پر پابندی ہے۔ تمام کھلاڑیوں کو سات دن کے لئے قرنطینہ کرنا ہوگا۔ کورونا وائرس کے حوالے سے ہیلتھ اینڈ سیفٹی پروٹوکولز سے فرنچائزکو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو پانچ جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پی ایس ایل دستاویز کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کو وارننگ اور تنبیہ کے علاوہ ، پانچ سے 25 فیصد تک میچ فیس کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ مزید سنگین خلاف ورزی پر ایک سے پانچ میچ کی پابندی بھی لگائی جاسکتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سنگین خلاف ورزی پر کھلاڑی کو لیگ میں شرکت سے روک دیا جائے گا۔کمیٹی کو انفرادی کیسز کی بنیاد پر کم یا سخت سزا دینے کا اختیار ہوگا ۔ معمولی خلاف ورزیوں میں مخصوص جگہوں کے باہر چھ فٹ فاصلے کا خیال نہ رکھنا ، پانی کی بوتل ، سامان، تولیے اور کٹ شیئر کرنا، میچ سے پہلے یا بعد میں ہاتھ ملانا گرائونڈ یا ڈریسنگ روم سے لانڈری نہ اٹھانا، اجازت کے بغیر آئسولیشن روم میں جانا، فزیو اور مساجر کا ماسک کے بغیر ٹریٹمنٹ کرنا شامل ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پندرہ منٹ سے زیادہ فزیو تھراپی کا سیشن کرانا اور اجازت کے بغیر ممنوع علاقے میں موجود گی بھی معمولی خلاف ورزی شمار ہوگی ۔ سنگین خلاف ورزیوں میں ہوٹل کے عملےکے علاوہ کسی کو کمرے میں نہیں بلایا جاسکتا۔ ماسک پہننا لازمی ہو اور نہ پہنا ہو تو یہ بھی سنگین خلاف ورزی میں شامل ہے۔ بائیو ببل انٹیگریٹی منیجرکی اجازت کے بغیر کمرے میں کوئی چیز منگوانا سنگین خلاف ورزی تصور کی جائے گی۔