• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیسرا ون ڈے، شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں ٹائیگرز کی دھاڑ، پاکستان سے فتح چھین لی

کراچی (عبدالماجد بھٹی) سلمان علی آغا کی زندگی کی یادگاراور تیسری ون ڈے سنچری رائیگاں گئی، اتوار کو شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں شائقین کو کانٹے کا مقابلہ ہوا۔لیکن ٹائیگرز نے تیسرے ون ڈے میں اعصاب پر قابو پاتے ہوئے پاکستان کو ہرا یا اور سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی ۔290 کے جواب میں پاکستانی ٹیم 279رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ آخری اوور میں 14رنز کی ضرورت تھی۔کپتان شاہین آفریدی مستفیض کے49 ویں اوور میں دو چھکے مارکر ناممکن جیت کے قریب لے آئے لیکن ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی مایوسیوں کے بعد شائقین کو عید کا تحفہ نہ دے سکی۔ ٹائیگر ز کیلئے تنزید حسین نے سنچری بنائی ۔ میزبان ٹیم نے پاکستان کو گیارہ سال بعد ہوم گراؤنڈ پر سیریز میں شکست دی۔ سلمان آغا نے98گیندوں پر106رنز چار چھکوں اور 9چوکوں کی مدد سے بنائے۔لیکن میچ فنش نہ کرسکے۔ کپتان شاہین آفریدی کے ساتھ49 گیندوں پر52، فہیم اشرف کے ساتھ 49گیندوں پر48 اور سعد مسعود کے ساتھ 82گیندوں پر79رنز کی شراکت قائم کی۔ شاہین آفریدی نے38 گیندوں پر37 رنز دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے بنائے۔ آخری اوور میں امپائر دھرما سینا نے متنازع وائیڈ بال دی جس کا فائدہ بنگلہ دیش کو ہوا۔ پہلا ون ڈے کھیلنے والے سعد مسعود نے44گیندوں پر38رنز کی پر اعتماد اننگز کھیلی۔ بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف دوسری بار ون ڈے سیریز جیتی ہے۔2015 میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو تین صفر سے شکست دی تھی۔ پاکستانی اننگز کا آغاز تباہ کن انداز میں ہوا۔ صاحبزادہ فرحان چھ رنز بناکر لٹن داس کی گیند پر کاٹ بی ہائنڈ ہوئے۔ دوسرے میچ کے ہیرو معاذ صداقت چھ رنز بناکر ناہید راناکی شارٹ پچ گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔ محمد رضوان تسکین احمد کی خوبصورت گیند پر چار رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔ تیسرے اوور میں17رنز پر تین وکٹ گرگئے۔ اس موقع پر پہلا ون ڈے کھیلنے والے غازی غوری اور عبدالصمد نے چوتھے وکٹ پر پچاس رنز کا اضافہ کیا۔ غازی غوری نے کئی اچھے شاٹس کھیلے انہیں ناہیدرانا نے بولڈ کیا۔ غازی نے39گیندوں پر29 رنز ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے بنائے۔ عبدالصمد نے45 گیندوں پر34 رنز پانچ چوکوں کی مددسے بنائے۔82 رنز پر آدھی پاکستانی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔ میرپور میں ٹاس پاکستان نے جیتا ۔ بنگلہ دیش نے 5 وکٹوں پر 290 رنز اسکور کیے۔ تنزید حسن شاندار 107 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انہوں نے پہلی ون ڈے سنچری بنائی ان کی 107گیندوں کی اننگز میں سات چھکے اور چھ چوکے شامل تھے انہوں نے سیف حسن کے ساتھ اپنی ٹیم کو105رنز کا اوپننگ اسٹینڈ دیا۔ سیف نے55 گیندوں پر36 رنز تین چوکوں کی مدد سے بنائے۔ توحید ہردوئے 48 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ لٹن داس 41،نجم الحسن شانتو 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ حارث رؤف نے 3 کھلاڑیو ں کو52رنز دے کر آؤٹ کیا۔ ابرار احمد نے49 اور شاہین شاہ آفریدی نے55رنز کے عوض 1، 1 وکٹ حاصل کی۔ سعد مسعود نے 8اوورز میں55 اور فہیم اشرف نے چار اوورز میں27رنز دیے۔