کراچی (اسٹاف رپورٹر) پشاور میں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ سیالکوٹ کراچی بلوز نے اپنے میچز جیت لیے۔ سیالکوٹ نے ایبٹ آباد کو ہراکر سیمی فائنل کیلئے پوزیشن مضبوط کرلی ۔ گروپ بی میں سیالکوٹ پہلے، ملتان دوسرے، ایبٹ آباد تیسرے اور کراچی بلوز چوتھے نمبر پر موجود ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کے خلاف سیالکوٹ نے چھ وکٹو پر 202 رنز بنائے ۔ عبداللہ شفیق نے سات چھکے اور چار چوکے لگاتے ہوئے 54 گیندوں پر 96 ، حسن نواز نے 34 گیندوں پر چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے57 رنز بنائے۔ جواب میں ناکام ٹیم اسامہ میر کی چار، محمد علی، شعیب اختر جونیئر اور احسن حفیظ بھٹی کی دو دو وکٹوں کی بدولت 171 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ دوسرے میچ میں کراچی بلوز نے لاہور بلوز کو 57 رنز سے شکست دے دی، دونوں ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہیں۔ کراچی بلوز نے تین وکٹ پر206 رنز بنائے۔ احسان علی 39، شاہ رضا نقوی 30 ، سعد بیگ نے ناقابل شکست 72 ، عثمان رحیم نے 33 رنز بنائے۔ جواب میں ناکام ٹیم 149 رنز بناسکی ، کپتان سعد نسیم نے 47 رنز بنائے۔ شاہ نواز دھانی اور جہانداد خان نے چار چار وکٹیں لیں۔