کورونا پابندیوں میں بتدریج کمی ہوگی، پروفیسرجین لیچ

January 23, 2022

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) سکاٹ لینڈ کے نیشنل کلینکل ڈائریکٹر پروفیسر جین لیچ کا کہنا ہے کہ اومی کرون وائرس یقیناً کم ہونے کی طرف گامزین ہے، لیکن ابھی اس بارے میں کوئی بات بھی یقین سے نہیں کہی جاسکتی کہ کورونا وبا بھی مجموعی طور پر اپنے آخری مراحل میں ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن ہمیں بدستور محتاط رہنے کو کہہ رہی ہے، دیگر مختلف قسم کے نئے وائرس کے امکانات کو مسترد نہیں کیا جاسکتا جو بیرون ملک سے آسکتے ہیں، یا خود ہمارے ملک میں پیدا ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پابندیوں میں نرمی بتدریج ہوگی، جلد ہی اسکاٹ لینڈ کے سکینڈری سکولوں سے ماسک پہننے کی پابندیاں ختم کر دی جائے گی۔ پروفیسر جین لیچ کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں کہ لوگ ابھی گھر سے نکلنے اور دیگر افراد سے ملنے سے پہلے لٹرل فلو ٹیسٹ کریں، ویکسین لگوائیں اور کئی بار ہاتھ دھوئیں۔ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کا اب ہماری زندگیوں میں فلو کی طرح مستقل رہنے کا امکان ہے اور ہمیں اس کے ساتھ جینا سیکھنا پڑے گا۔