پی ایس ایل کیلئے 19 کھلاڑیوں کا ریزرو پول تیار کرلیا ہے، سلمان نصیر

January 23, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے ریزرو پول میں مزید کھلاڑیوں کو اضافہ کیا جائے گا۔پی سی بی نے ابتدائی طور پر پی ایس ایل کیلئے 19 کھلاڑیوں کا ریزرو پول تیار کرلیا ہے، امام الحق، عمیر بن یوسف، سعود شکیل اور زاہد محمود ببل سے باہر رہنے والے کھلاڑیوںمیں شامل ہیں۔ اگر ٹورنامنٹ کے دوران کسی کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آتا ہے توفرنچائزز میڈیکل بنیادوں پر ان ریزرو کھلاڑیوں میں سے کھلاڑی منتخب کرسکیں گی۔ پول میں شامل 19 کھلاڑیوں میں سے 15 ببل میں رہیں گے۔ چار کو ایمرجنسی میں بلایا جاسکتا ہے۔دوسری جانب ذرائع کا دعوی ہے کہ چیف سلیکٹر محمد وسیم نے ریزرو پول میں ردو بدل کیا جس سے فرنچائز مالکان ناراض ہیں۔ ٹیموں کے نمائندوں نے مشاورت سے15 کرکٹرز کے نام پی سی بی کو دیئے تھے ان میں امام الحق، سعود شکیل، زاہد محمود اور عمیر بن یوسف بھی شامل تھے۔ چیف سلیکٹر محمد وسیم نے ان 4 کرکٹرز کو فہرست سے نکال کر عمر امین، خالد عثمان، مصدق اور سلمان علی کو شامل کردیا۔