کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعظم محمدشہباز شریف نے انڈر19ایشیاء کپ جیتنے پر پاکستانی ٹیم اور پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔ اتوار کو ایک پیغام میں انہوں نےشاباش کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے بھارت کو فائنل میں شکست دے کر تاریخ رقم کی، پوری قوم کو ان پر فخر ہے، انڈر 19 ٹیم بلاشبہ مستقبل میں بھی ملک کا نام عالمی سطح پر روشن کرے گی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سمیت تمام ٹیم مینجمنٹ خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ادھر بورڈ چیف محسن نقوی نے دبئی میں میچ کے بعد کھلاڑیوں سے ملاقات کی، کھلاڑیوں، کوچ سرفراز احمد اور مینجمنٹ اسٹاف کو کامیابی پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے سمیر منہاس کی شاندار بیٹنگ کی تعریف کی۔ محسن نقوی شائقین سے بھی ملے۔اور کہا کہ پاکستان ٹیم نے کمال کر دیا ہے۔ شائقین نےگفتگومیں کہا کہ پاکستان ٹیم نے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔ پی سی بی اعلامیے کے مطابق محسن نقوی نے پاکستان انڈر 19 ٹیم کو مبارکباد دی اور کہا کہ کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے روایتی حریف بھارت کو شکست دی۔ یہ کامیابی بہترین حکمت عملی اور ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ بیٹنگ،بولنگ اور فیلڈنگ میں کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی کا نتیجہ جیت کی صورت میں سامنے آیا۔ یہ فتح شائقین کرکٹ کے لیے خوشی اور فخر کا زبردست لمحہ ہے ۔ رائزنگ اسٹارز پر سرمایہ کاری کا نتیجہ شاندار فتح کی صورت میں سامنے آیا۔ دبئی میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے فائنل میچ گراؤنڈ آکر دیکھا۔ دریں اثنا پاکستان کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود نے انڈر19 ٹیم منیجر اور مینٹور سرفراز احمد سمیت کوچنگ اسٹاف کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔