کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملتان سے تعلق رکھنے والے سمیر منہاس کے بڑےبھائی عرفات منہاس پاکستان کے لئے ابھی تک چار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل چکے ہیں۔ ان کے والد کاشف منہاس بھی پرانے کرکٹر ہیں۔ عرفات منہاس دوحامیں ایشیا کپ رائزنگ اسٹار ٹورنامنٹ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کے رکن تھے۔ سمیر منہاس ٹورنامنٹ میں انڈر19ایشیا کپ میں کُل471 رنز بناکر ٹاپ اسکورر بھی رہے اور ایشیا کپ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ ان سے قبل سمیع اسلم نے 2012کے انڈر 19ایشیا کپ میں 461 رنز بنائے تھے۔ بھارت کے خلاف سمیر منہاس کے 172رنز کسی بھی پاکستانی بیٹر کی جانب سے یوتھ ون ڈے میں کھیلی گئی سب سے بڑی انفرادی اننگز ہے اور بھارت کے خلاف بھی اب تک کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ وہ بھارت کے خلاف گروپ میچ میں ناکام رہے اور پاکستان کو ٹورنامنٹ کی واحد شکست ہوئی۔ صرف 19 سال اور 19دن کی عمر میں دو بڑی اننگز کھیلنے والے سمیر منہاس دو دسمبر 2006کو ملتان میں پیدا ہوئے۔ دائیں ہاتھ کے اوپننگ بیٹرکا تعلق ایک ایسے خاندان سے ہے جس میں پہلے ہی سے ایک اور انٹرنیشنل کرکٹر موجود ہے۔