بھتہ لینے والے چار پولیس اہلکاروں کیخلاف مقدمہ، ایک گرفتار

January 23, 2022

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)شہریوں کو حبس بے جا میں رکھ کر10لاکھ روپے بھتہ لینے والے چار پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے ایک ملزم کوگرفتار کرلیاگیا۔عرفان اللہ نے انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد کی کھلی کچہری میں پیش ہو کر درخواست دی تھی کہ وہ اپنے دوستوں کے ہمراہ مری جانے کے لئے سنگجانی ٹول پلازہ سے گزر رہے تھے کہ پولیس کی وردی میں ملبوس تین افرادبغیر نمبر پلیٹ کالے شیشے والی گاڑی میں آئے اور ہماری گاڑی کو روک کر ہاتھ پائوں باندھ دئیے ،آنکھوں پر پٹی باندھ کر ہمیں ساتھ لے گئے اور کہا کہ آپ پر ایف آئی آر دیں گے،ملزمان نے ہمیں 13 سے 15دسمبر 2021تک سیکٹر جی پندرہ میں ایک فلیٹ میں رکھا ، ہم پر تشدد کرتے رہے اور 10لاکھ روپے بھتہ کی ڈیمانڈ کی، جس پر ہم نے اپنی جان چھڑوانے کے لئے ایک دوست کے ذریعے ملزمان کو پشاور میں 10لاکھ روپے بھتہ دیا جس پر انہوں نے ہمیں 15دسمبر کی رات کو کشمیر ہائی وے پر چھوڑدیا۔آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے اس پرنوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر کو واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد ٹریس کر کے گرفتار کرنے کے احکامات جاری کئے تھے ۔تھانہ ترنول پولیس نے اس واقعہ میں ملوث چاروں ملزمان کو ٹریس کر کے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ تین ملزمان روپوش ہیں جن کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔