انتخابی مقابلہ اپوزیشن نہیں مہنگائی سے

January 24, 2022

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے ملک میں مہنگائی کا اعتراف کرتے ہوئے اس حقیقت کو تسلیم کیا کہ آنے والے انتخابات میں ان کی جماعت کا مقابلہ اپوزیشن سے نہیں مہنگائی سے ہے۔ ان کا موقف تھا’’ ہمارا مقابلہ اس اپوزیشن سے نہیں جس کا کرپٹ چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے‘‘۔انہوں نے کہامہنگائی پوری دنیا میںہے۔ بھارت اور بنگلہ دیش میں بہت مہنگائی ہے، سری لنکا تو گویا دیوالیہ ہوگیا، کیا یہ ممالک ہمارے ملک کی انکم لیول کے ملک نہیں ہیں؟ دنیا کا کوئی ملک کورونا کی وبا کے اثرات سے محفوظ نہیں رہا،اسی تناظرمیں احساس پروگرام اور صحت کارڈ متعارف کرایا گیا۔ افغان بحران سے ہماری معیشت پر دباؤ آیا، ڈالر اور ہماری اشیا کا آؤٹ فلو بڑھ گیا، سپر کوموڈیٹی سائیکل کابھی سامنا رہا جو 15، 20 سال میں عالمی منڈی میں ایک بار آتا ہے اوراشیا کی قیمتیںیکدم بلند ہوجاتی ہیں، ان سب مسائل ومشکلات اور چیلنجوںکاہماری حکومت نے مقابلہ کیا، حالات کو سنبھالا اور اب جو معاشی اشاریے ہیں وہ ہماری حکومت کا کارنامہ ہیں۔یہ حقیقت نظر انداز نہیں کی جاسکتی کہ اپنی یومیہ آمدن کے اعتبار سے اہل پاکستان خطے بھر میں سب سے زیادہ مہنگا ئی کا شکار ہیں،وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر یا ان کی حکومت نجانے یہ کیوں بھول جاتی ہے کہ جن ممالک سے وہ پاکستان کا موازنہ کرتے ہیں انکی فی کس آمدن ہم سے زیادہ ہے اور پھر اس موازنے کی ضرورت ہی کیا ہے؟رہی بات پچھلی حکومتوں کی تویاد رہے کہ انکے رَد کیے جانے کی اصل اور بنیادی وجہ بھی یہ رہی کہ وہ عوام کو آسودگی فراہم نہ کر سکیں۔اس تناظر میں کیا یہ بہترنہیں کہ دوسروں پر تنقید کے بجائے اپنی توانائیاںمہنگائی کو کم کرنے پر صرف کی جائیں ۔ ایسا ہوجائے تو سرخروئی اور کامیابی کیلئے اپنی کارکردگی ہی بہت کافی ہو گی۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998