حضرت فاطمتہ الزہرا کا یوم ولادت آج یوم عظمت نسواں کے طور پر منایا جائیگا

January 24, 2022

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے) قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے اعلان کے مطابق جگر گوشہ رسول ؐ خاتون جنت حضرت فاطمتہ الزہراؓ کا یوم ولادت آج پیر 20جمادی الثانی کو عالمی ’’یوم عظمت نسواں‘‘ روایتی مذہبی جذبے اور عقیدت و احترام کیساتھ منایا جائیگا۔ اس موقع پر تمام چھوٹے بڑے شہروں کی مساجدو امام بارگاہوں میں دینی اداروں، انجمنوں کی جانب سے محافل میلاد کا انعقاد کیا جائیگا۔ ٹی این ایف جے کی ایام عظمت نسواں کمیٹی کے کنونیئر ڈاکٹر ایس زمان نے اتوار کو اجلاس سے خطاب کیا۔ دریں اثناء اتوار کو شہر کی مساجد، امام بارگاہوں میں محافل میلاد اور ایام عظمت نسواں کے سلسلے میں تقریبات جاری رہیں۔ انجمن غلامان ابوطالب کے زیراہتمام قصر ابوطالب میں علامہ سید محسن علی ہمدانی‘ امام بارگاہ زین العابدین سیٹلائٹ ٹائون راولپنڈی میں ڈاکٹر سید علی رضا کاظمی و حسن رضا کاظمی کے زیراہتمام محفل خاتون جنت سے مفتی باسم عباس زاہری نے خطاب کیا۔ انجمن کنیزان امام العصرو الزمان کے زیراہتمام شعب ابی طالب میں محفل میلاد سے خطاب کرتے ہوئے سیدہ بنت موسیٰ موسوی نے کہا کہ بنت رسولؐ حضرت فاطمتہ الزہرا کی سیرت ہر دور کی خواتین کیلئے مشعل نور ہے جن کے وجود سے عورت کے وجود کو عزت و عظمت کے چار چاند لگ گئے۔