اسلام آباد میں زخمی مادہ تیندوا دوران علاج دم توڑ گئی

January 24, 2022

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ) آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں گزشتہ روز دریا کے قریب زخمی ہونے والی مادہ تیندوا اسلام آباد میں دوران علاج دم توڑ گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ تیندوے کو گولی مارنے والے مقامی رہائشی کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم سے 12 بور رائفل بھی برآمد ہو گئی ہے اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جب کہ تیندوے پر تشدد کرنے والے دیگر ملزمان کی بھی تلاش کی جا رہی ہے۔گزشتہ روز محکمہ جنگلی حیات نےمادہ تیندوے کو تشویشناک حالت میں مظفرآباد سے اسلام آباد پہنچایا تھا جہاں اس کی جان بچانے کے لئے آپریشن کیا جا رہا تھا کہ اسی دوران دم توڑ گئی ، ذرائع کے مطابق شکاریوں نے تیندوے کو گولی مار کر ایکسیڈنٹ کی افواہ پھیلائی تھی،زخمی تیندوا وادی نیلم میں نوسیری کے مقام پر دریا کنارے پڑا ملا تھا ہاں مقامی افراد نے اسے باہر نکالا اور مرغیاں کھلانے کی کوشش کی مگر وہ کچھ کھا نہیں سکا،محکمہ وائلڈ لائف نے چيتے کو ابتدائی طبی امداد دی اور علاج کے لیے اسلام آباد پہنچا،اسلام آباد میں ایکسرے کیا گیا تو پتہ چلا کہ تیندوے کو بارہ بور کا کارتوس لگا ہے، طبی ماہرین نے آپریشن کر کے نایاب جانور کی جان بچانے کی کوشش کی مگر کامیاب نہ ہو سکے، معالجین کے مطابق تیندوے کے جسم سے چھ چھرے ملے، ریڑھ کی ہڈی میں لگے دو چھروں کی وجہ سے تیندوے کا نچلا دھڑ مفلوج ہو گیا تھا اور وہی اس کی موت کا سبب بن گئے، اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ حکام نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔