عوامی تحریک اور اسلام آباد گروپ شہریوں کے مسائل کے حل پر متفق

January 24, 2022

اسلام آباد (جنگ نیوز) پاکستان عوامی تحریک کے صدر‘ جنرل سیکرٹری اور مختلف ونگز کے صدور پر مشتمل وفد نے گزشتہ روز اسلام آباد گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد امجد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر عوام کو درپیش مسائل اور آئندہ بلدیاتی انتخابات سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس گفتگو کے دوران تمام مسائل کا تفصیلی احاطہ کیا گیا اور متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ تمام قوتیں باہم مل کر فیڈرل کیپٹل اسلام آباد اور اسکے رہائشیوں کے تمام دیرینہ مسائل حل کئے جائیں گے۔ اسلام آباد گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے مشکل ترین فیصلے کر رہی ہے جن کے ثمرات جلد سامنے آنا شروع ہو جائیں گے اور عوام کی مشکلات میں کمی ہو گی۔ پاکستان عوامی تحریک کے وفد میں محمد ابرار‘ راجہ نعیم اور محمد اقبال سمیت دیگر قائدین شامل تھے جبکہ اسلام آباد گروپ کے رہنما چوہدری شفیق‘ چوہدری جہانگیر اور چوہدری اسد محمود بھی موجودتھے۔