مولانا فضل الرحمٰن سے تحریک لبیک پاکستان کے وفد کی ملاقات

January 24, 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن سے تحریک لبیک پاکستان کے ایک وفد نے اتوار کو اسلام آباد میں شفیق امینی کی قیادت میں ملاقات کی.

شفیق امینی نے بتایا کہ حکومت کے ساتھ معاہدے پر عملدرآمد کیلئے یہ طے پایا تھا کہ حکومت ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے گی جس میں 11ارکان حکومت اور 9اپوزیشن کی جانب سے ہوں لیکن وعدے کے باوجود ابھی تک اس بارے میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔

اس ضمن میں جب قومی اسمبلی کے سپیکر سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے کمیٹی کیلئے ابھی تک نام نہیں دیئے گئے تاہم اس موقع پر قومی اسمبلی میں جے یو آئی کے پارلیمانی لیڈر اسعد محمود کا کہنا تھا کہ اس بارے میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اپوزیشن کے ارکان سے کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ٹی پی ایل کے امیر سعد رضوی کی جانب سے شفیق امینی نے مولانا فضل الرحمان کو ایک خط بھی دیا۔