ملک مزید کسی تجربے کا متحمل نہیں ہوسکتا‘ حافظ حمداللہ

January 25, 2022

کوئٹہ ( آئی این پی ) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ پارلیمانی نظام میں مسائل حل نہ کرسکنے والے نااہل صدارتی نظام میں کیا خاک تیر ماریں گے ،ملک بحرانوں کی دلدل میں جکڑا ہوا ہے مزید تجربات کا متحمل نہیں ہوسکتا،ملکی مسائل بالخصوص معاشی بدحالی کے ذمہ دار سلیکٹڈ حکمران ہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز جامع مسجد شیخ محمدی پشاور میں ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کانفرنس سے جمعیت کے دیگر رہنمائوں اور مقامی علما ءنے بھی خطاب کیا ۔حافظ حمداللہ نے کہا کہ مدارس اور مساجد سے بغض رکھنے والے ریاست مدینہ کے دعویدار نہیں ہو سکتے، ریاست مدینہ میں ریاستی امور مساجد کے منبر و محراب سے مانیٹر کئے جاتے تھے جبکہ آج ریاست مدینہ کے نام نہاد دعویدار مساجد گراکر ریاست مدینہ کی مثالیں پیش کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ پوری قوم جانتی ہے کہ ملکی تاریخ کے نااہل اور ناکام ترین لوگ ملک پر مسلط کئے گئے ۔