جمشید کالونی میں غیرقانونی تعمیرات کےخلاف فوری کارروائی کا حکم

January 26, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس سید حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں بینچ نے فاطمہ جناح کالونی جمشید کالونی میں غیر قانونی تعمیرات سے متعلق درخواست پر پورشنز پر فوری کام روکنے اور ڈی جی ایس بی سی اے کو غیر قانونی پورشنز کے خلاف فوری کارروائی کا حکم دیدیا،درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ عدالتی حکم پر پورشنز کو سیل کیا گیا جس کے باوجود تعمیرات ہو رہی ہیں، عدالت نے ریمارکس دیئے بغیر عدالتی حکم ایس بی سی اے والے کچھ کرتے نہیں، درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ پلاٹ نمبر 675 اور دیگر پر غیر قانونی تعمیرات کو گرانے کا حکم دیا جائے، عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور ڈی جی ایس بی سی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سب رجسٹرار کو پورشن کی سب لیز سے روکنے اور ڈی جی ایس بی سی اے کو غیر قانونی پورشنز کے خلاف فوری کارروائی ، پورشنز کو پانی، بجلی، گیس فراہم کرنے سے بھی روکتے ہوئے ایس بی سی اے کو 45 روز میں عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیدیا۔