جدید تعلیم کے بغیر کوئی قوم ترقی نہیں کرسکتی‘ سینیٹر ثمینہ ممتاز

January 26, 2022

کوئٹہ (پ ر) سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ معاشرے میں تبدیلی لانے کے لئے نوجوان نسل کوجدید طرز تعلیم کی طرف راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بلوچستان کے عوام کو پسماندگی سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے بلوچستان میں نوجوانوں کے لئے جدید و اعلیٰ تعلیم کے مواقع پیدا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ان خیالات کا اظہار سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے تعلیم کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید طرز تعلیم کے بغیر کوئی بھی قوم ترقی نہیں کر سکتی اور وقت کا تقاضا ہے کہ آج کے مقابلے کے دور میں جدید اور اعلیٰ تعلیم نوجوان نسل کو جدید طرز تعلیم سے روشناس کرایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال تعلیم کا دن منایا جاتا ہے لیکن یہ صرف ایک دن کی بات نہیں کہ اس موقع پر سیمینار اور تقریبات منعقد کی جائیں بلکہ تعلیم کے فروغ کے لئے عملی اقدام کی ضرورت ہے جس پر وفاقی و صوبائی حکومتیں دن رات کوشاں ہیں۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ دنیا میں آج جن قوموں نے ترقی کی انہوںنے سب سے زیادہ تعلیم پر توجہ دی ،تعلیم کے بغیر ترقی ناممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی سطح پر بلوچستان میں نوجوانوں کے لئے تعلیم اور دیگر فنی شعبوں میں بہت سے مواقع متعارف کرائے جارہے ہیںاس سلسلے میں بلوچستان کے نوجوانوں کے لئے ملکی و غیر ملکی سطح پر سکالر شپ پروگرامز موجود ہیں جن سے استفادہ حاصل کر کے بلوچستان کے نوجوان مختلف شعبوں میں مہارت حاصل کر کے ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔بلوچستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد ہماری اصل طاقت اور سرمایہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کوجدید طرز تعلیم سے روشناس کرا کر صوبہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوان نسل معاشرے کی ترقی اورروشن مستقبل کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی ۔