کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) ریجنل ٹیکس آفس کوئٹہ نے چھوٹے دکانداروں میں ٹیکس آگاہی بڑھانے کے لیے آگاہی مہم مزید تیز کردی ہے۔ اس سلسلے میں زون ٹو کی جانب سے گوادر، تربت اور حب میں چھوٹے دکانداروں سے براہِ راست رابطہ کرتے ہوئے ان کے کاروباری مراکز پر آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے۔آر ٹی او کوئٹہ کے مطابق ٹیمیں دکانداروں کو اسکیم کی اہم خصوصیات، مقاصد اور فوائد سے آگاہ کر رہی ہیں، جبکہ متعلقہ زونل کمشنرز اپنی حدود میں ٹیموں کی سرگرمیوں کی نگرانی اور مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق جاری مہم کو مزید وسعت دی جائے گی اور چھوٹے دکانداروں اور ٹیکس وصول کرنے والے ادارے کے درمیان رابطے کو مضبوط بنایا جائے گا تاکہ ٹیکس اسکیم سے متعلق آگاہی، سمجھ بوجھ اور ٹیکس قوانین پر عملدرآمد کو بہتر بنایا جا سکے۔