کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمان خان ملاخیل نے پشتون کلچرل ڈے کے موقع پر کہاہے کہ زندہ اور باشعور قومیں ثقافتی و روایتی اقدار اور تاریخی ورثے کا تحفظ کرتی ہیں اور اس دن کو منانے کا اصل مقصد ان روایات،ثقافت اور منفردطرز زندگی کو بہتر طور پر سمجھنے اور اسے ہمیشہ زندہ رکھنے کی کوشش ہے انہوں نے کہا کہ پشتون ثقافت کا اپنا رنگ ہے اور اس کے طور طریقوں میں محبت،بھائی چارہ،انکساری اور رواداری کا درس ملتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پشتون ثقافت، بہادری، غیرت، مہمان نوازی، پشتونوالی، امن پسندی ،محبت اور ایثار جیسی شاندار تاریخ سے عبارات ہے ۔ ہماری ثقافت دنیا بھر میں اپنی الگ اور منفرد پہچان رکھتی ہے۔ انہوںنے کہا ہے کہ ثقافت ایک تاریخی تسلسل ہے جسکے ذریعے ہمارا ماضی اور حال جڑا ہوا ہے جس کی بنیاد پر ہم اپنے مستقبل کا رخ متعین کرتے ہیں. انہوں نے کہا کہ ارتقاء اور ترقی کا سفر جیسے جیسے آگے بڑھتا ہے تو ماضی کی کئی چیزیں قصہ پارینہ بن جاتی ہیں. اور انسان نئے حالات، ضروریات اور تقاضوں کے مطابق نئی اقدار اور اشیاء کو اختیار کرتے ہیں. انہوں نے کہا کہ پشتون قوم بھائی چارہ، بردباری اور بشردوستى کی مضبوط اور شاندار اقدار و روایات کا امین ہے لہٰذا ضروری ہے پشتون کلچر کی تقریبات کے ذریعے اپنی مترقی سوچ اور شاندار اقدار کو زیادہ سے زیادہ اجاگر کریں ضروری ہے کہ ہم مختلف ثقافتوں اور زبانوں سے تعلق رکھنے کے باوجود امن، محبت اور یگانگت سے رہیں۔