عالمی اقتصادی فورم نے معاشی پیش رفت کی تائید وتوثیق کی، وزیر خزانہ

January 29, 2022

اسلام آباد(کامرس رپورٹر)وفاقی وزیرخزانہ شوکت فیاض ترین نے کہاہے کہ عالمی اقتصادی فورم نے پاکستان کی معاشی پیش رفت کی تائید وتوثیق کی ہے، مختصر،طویل المیاد پالیسی سازی کے حوالہ سے ملکی سکور میں نمایاں اضافہ ہواہے۔جمعہ کواپنی ٹویٹ میں انہوں نے کہاہے کہ عالمی اقتصادی فورم کے کنٹری شراکت دارمشال نے پاکستان کے حوالہ سے اپنی مسابقتی رپورٹ میں معاشرے کے معاشی طورپرکمزورطبقات کے معیارزندگی کو بہتربنانے کی کوششوں کا اعتراف کیاہے۔اس رپورٹ میں بتایا گیاہے کہ احساس پروگرام کے ذریعہ پاکستان کی حکومت نے انسانی وقار اورسماجی سرمایہ کے اقدار پرمبنی اقدامات پر زوردیا اوراس حوالہ سے پاکستان نے قائدانہ نوعیت کا کرداراداکیاہے۔انہوں نے کہاکہ عالمی اقتصادی فورم نے پاکستان کی مستقبل کی ترجیحات پرمبنی پالیسیوں کا بھی اعتراف کیا ہے۔