لال چوک سری نگر پر لہرائے گئے بھارتی ترنگے کو لوگوں نے فوراً اتار پھینکا

January 29, 2022

اسلام آباد (صالح ظافر) لال چوک سری نگر پر لہرائے گئے بھارتی ترنگے کو لوگوں نے فوراً اتار پھینکا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر کے تاریخی لال چوک میں 73ویں یوم جمہوریہ پر بھارتی ترنگا لہرانا معمہ اور تنازعہ بن گیا ہے کیونکہ بھارتی قابض افواج ترنگا لہرانے کے بعد اس کی حفاظت نہیں کر سکیں جیسا کہ لوگوں نے اسے فوراً اتار پھینکا۔ ترنگا لہرانا قابض افواج کے لیے وقار کا سوال رہا ہے اور اس طرح کی کوششوں کو بھارتی قومی دنوں میں ہمیشہ ناکام بنایا جاتا ہے۔اطلاعات کے مطابق کلاک ٹاور پر ترنگا لہرایا گیا تھا۔ سوشل میڈیا پر انتہا پسند ہندو گروہوں نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے جشن منایا کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ اس مقام پر ترنگا لہرایا گیا۔