این او سی نہ ملنے کے باعث مارگلہ ایو نیو پراجیکٹ تعطل کا شکار

January 29, 2022

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر)ماحول کے تحفظ کے ادارے ای پی اے کی جانب سےاین او سی نہ ملنے کی وجہ سے سی ڈی اے کا اہم پراجیکٹمارگلہ ایو نیو تعطل کا شکار ہوگیا ۔ مارگلہ ایو نیو جی ٹی روڈ سیکٹر بی سترہ کے سامنے سے شروع ہوتی ہے اور سیکٹر ڈی بارہ تک جاتی ہے۔ سی ڈی اے نے سیکٹر ڈی بارہ کے مکینوں کے احتجاج کے بعد اس شاہراہ کو مزید دو کلومیٹر آگے لے جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مکینوں نے احتجاج کیا تھا کہ بائی پاس کی ٹریفک سیکٹر روڈ پر نہ ڈالی جا ئے۔ سی ڈی اے حکام نے بتایا کہ پراجیکٹکی ما حولیاتی اسٹڈی جمع کرادی گئی ہے۔ اس کی پبلک سماعت ہوچکی ہے اورسماعت میں جو اعتراضات سامنے آئے ان کا جواب جمع کرادیاگیا ہے۔ ایک کروڑروپے جر مانہ بھی جمع کر ادیاگیا ہے لیکن اس کے با جود ای پی اے نے ابھی تک این او سی جاری نہیںکیا۔ یہ پراجیکٹاسلام آ باد کے ماسٹر پلان کے مطابق ہے جوخیبر پختونخوا سے آنے والی ٹریفک اور نئے سی سیریز سیکٹرز کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ قبرستان کے مقام پر این ایل سی نے ٹنل کی تجویز دی تھی لیکن ابھی تک اس نے سی ڈی اے کو نہ ڈیزائن دیا ہے اور نہ لاگت کا تخمینہ بتایا ہے۔ اب یہ تجویز ہے کہ اس مقام سے سڑک کا رخ تبدیل کردیا جا ئے۔