ماہِ رمضان کے دوران جسم میں پانی کی کمی دور کرنا

April 21, 2022

امسال بھی ماہِ رمضان موسم گرما میں آیا ہے۔ گرمی کی شدت اور طویل دورانیے کے روزے کے باعث روزے دار کے جسم میں پانی کی کمی اور کمزوری ہوجاتی ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ گرمیوں میں انسان کے جسم سے پسینہ عام دنوں کی نسبت زیادہ تیزی اور کثرت سے خارج ہوتا ہے، جس کے باعث جسم میں موجود نمکیات میں کمی واقع ہونے لگتی ہے۔ غذائی ماہرین کے مطابق ایک خاتون کے جسم میں پانی کی مجموعی مقدار 38سے 45لیٹر جبکہ ایک مرد کے جسم میں 42 سے 48 لیٹر تک ہوتی ہے۔

اگر یہی نمکیات اپنی مقررہ مقدار سے کم ہونے لگے تو پورے جسم کا تواز ن بگڑنے لگتا ہے اور انسان بیمار ہوجاتا ہے۔ رمضان میں جسم کو ہائیڈریٹ رکھنا اگرچہ آسان نہیں، تاہم سحروافطار میں بہت سی غذاؤں اور مناسب پانی کی مقدار کے ذریعے اس صورتحال پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ آئیے جانتے ہیں کہ وہ کون سے معیاری مشروبات، روز مرہ استعمال کی اشیا اور طریقے ہیں، جن سے جسم میں پانی کی کمی پوری کی جاسکتی ہے۔

افطار تا سحری پانی پینا

اکثر لوگ اپنے جسم میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے سحری اور افطار میں اتنا زیادہ پانی پی لیتے ہیں کہ اس وجہ سے ان کی طبیعت میںخرابی پیدا ہوجاتی ہے۔ زائد پانی پینا یقیناً صحت کے لیے بہترین ہے لیکن اس طرح نہیں جیسا کہ عموماً لوگ سحرو افطار میں کرتے ہیں۔ لوگوں کو چاہیے کہ افطار اور خاص طور پر سحری میں بہت زیادہ پانی پینے سے گریز کریں۔ گرمیوں میں روزے کے دوران ڈی ہائیڈریشن سے بچنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ افطار کے ہر گھنٹے بعد ایک سے دو گلاس پانی پئیں۔ کوشش کریں کہ پانی کی یہ مقدار تین لیٹر تک ہوجائے تو بہتر ہے، ساتھ ہی کولڈڈرنک اور غیر معیاری جوسزکےاستعمال سے گریز کریں۔ اسی طرح سحری میں کم ازکم دوگلاس پانی ضرور پئیں۔

افطار میں اچھی غذا

افطار میں اچھی اور مناسب غذاکے استعمال کے ذریعے بھی جسم میں پانی کی کمی پوری کی جاسکتی ہے۔ سب سے پہلے اس بات کو یقینی بنائیں کہ افطاری پر بہت زیادہ تلی ہوئی اور میٹھی غذائیں نہ ہوں۔ اس کے بجائے ایسی غذاؤں کا استعمال کریں جس میں پانی کی وافرمقدار پائی جاتی ہے۔ مثلاً تربوز، گرما اور خربوزہ جسم میں پانی کی کمی کو دور کرتا ہے۔ ان پھلوں میں موجود پوٹاشیم اور وٹامنز جسم میں نمکیات کی کمی کو دور کرکے توانائی بحال کرتے ہیں۔ اسی طرح ہری سبزیاں بھی انسانی جسم میں پانی کی سطح برقرار رکھنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔

سحری میں کھیرا کھانا

ٹھوس غذاؤں کی بات کریں تو ان میں پانی کی سب سے زیادہ مقدار کھیرے میں پائی جاتی ہے۔ اگر سحری میں کھیرے کو بطور سلاد کھایا جائے تو یہ جسم کے خلیات میں پانی جمع رکھتا ہے۔ گرمیوں میں کھیرے کا باقاعدہ استعمال نہ صرف جسم میں پانی کی سطح متوازن رکھتا ہے بلکہ یہ جِلد کےلیے بھی بہترین ہے۔

ناریل پانی

موسم گرما میں ناریل پانی کا استعمال بھی بہترین ہے۔ یہ قدرتی اجزاء سے بھرپور اور نمک کی ایک خاص مقدار پر مشتمل ہوتا ہے۔ ناریل کا پانی ایک بہترین مشروب ہے، جو ذائقہ میں لذیذ ہونے کے ساتھ توانائی بحال کرتا ہے۔ ناریل کا پانی چونکہ مقدار میں کم ہوتا ہے، ایسے میں اس کی مقدار میں اضافے کے لیے اس میں تازہ پانی بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔

کچی لسی

ماہرین غذائیت سحری میں کچی لسی کے استعمال کا مشورہ دیتے ہیں۔ موسم گرما میں کچی لسی پینے سے گرمی دور ہوتی ہے، یہ نمکیات کی کمی پوری کرنے والا مشروب ہے، جو بلڈپریشر کی کمی یا گرمی کی وجہ سے آنے والی نیند کو بھی دور بھگاتا ہے۔ ٹھنڈی ٹھنڈی نمکین کچی لسی سے نہ صرف ہاضمہ درست رہتا ہے بلکہ یہ گرم ہوا سے بھی محفوظ رکھتی ہے۔

دہی

گرمیوں کے لیے بالکل موزوں، یہ پروٹین اور دیگر غذائیت سے بھرپور کھانا آپ کی بھوک مٹاتا ہے اور آپ کو نمکین، زیادہ کیلوری والے کھانے سے دور رکھنے میں مدد کرتا ہے۔ اس میں پروبائیوٹکس بھی ہوتے ہیں، جو آپ کے نظام ہاضمہ کو صحت مند رکھتے ہیں۔ دہی معدے کی صحت کے لیے فائدہ مند بیکٹریاز کی مقدار بڑھانے میں مدد دیتا ہے۔ دہی کےاستعمال سے معدے کی گرمی میں کمی آتی ہے جبکہ نظام ہاضمہ اور دیگر اعضاء بھی فعال ہوتے ہیں۔

فالسہ کا استعمال

جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے کے لیے فالسے کا استعمال بھی بہترین ہے۔ فالسے کا شربت گرم موسم میں ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ میں مددگار اور معدے کے لیے بھی بہترین ہے، جو جسم کو ٹھنڈک پہنچانے کے ساتھ جسم میں پانی کی کمی دور کرتا ہے۔

پانی ساتھ رکھنا

آپ افطار کے بعد جب بھی گھر سے باہر جائیں تو اپنے ساتھ پانی ضرور لے کر جائیں۔ چاہے آپ مسجد تراویح کے لیے جائیں یا شاپنگ وغیرہ کے لیے بازار کا رُخ کریں، پانی کی بوتل ساتھ لے کر جائیں۔ اسی طرح رات سوتے وقت پانی کی بوتل بھی اپنے قریب رکھیں۔

روزانہ نہانا

جسم کو ہائیڈریٹ رکھنے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ روزانہ نہایا جائے۔ لیکن اگر آپ سخت دھوپ میں سے آئیں توفوری طور پر نہانے سے گریز کریں، یہ عمل آپ کو ہائیڈریٹ اور تازہ دم رکھنے میں مدد دے گا۔